پونہ ،ادارۂ بال بھارتی کے اردو شعبے کو نئی سمت شیخ ناصر علی معاون افسر برائے اردو مقرر اردو زبان سے وابستہ علمی، انتظامی تجربے کے حامل افسر کی شمولیت سے تعلیمی معیار میں مزید بہتری کی توقع
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 15, 2025
0
share
کھام گاؤں ، (واثق نوید) ریاست مہاراشٹر کے باوقار تعلیمی ادارے ’ادارۂ بال بھارتی، پونہ‘ کے شعبۂ اردو کو بالآخر طویل عرصے بعد ایک مستحکم معاونت حاصل ہو گئی ہے۔ اردو زبان و ادب کے مخلص خدمت گزار، فعال تعلیمی منتظم اور سابق ایڈمنسٹریٹیو آفیسر شیخ ناصر علی (ممبئی) نے آج مورخہ 15 جولائی کو بطور معاون اردو افسر اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔
اس موقع پر اردو افسر خان نوید الحق، اردو لسانی کمیٹی کے نومنتخب صدر یٰسین اعظمی اور رکن وسیم فرحت (علیگ) کی موجودگی نے تقریب کو وقار عطا کیا۔ واضح رہے کہ اردو شعبے میں معاون افسر کی جگہ گزشتہ کئی برسوں سے خالی تھی، اور اس عرصے میں خان نوید الحق نے تنِ تنہا نصابی کتابوں کی تیاری، اشاعت اور ریاست گیر تعلیمی نظام میں اردو کے فروغ کے لیے مسلسل انتھک محنت کی۔ شیخ ناصر علی حال ہی میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کے شعبۂ تعلیم سے بحیثیت ایڈمنسٹریٹیو آفیسر سبکدوش ہوئے ہیں۔ ان کی تقرری کا عمل سابق ڈائریکٹر کرشن کمار پاٹل کی نگرانی میں ایجوکیشن کمشنر کی ہدایات کے تحت مکمل انٹرویو کے ذریعے طے پایا۔ اتفاق یہ رہا کہ تقرری کی تکمیل سے قبل ہی پاٹل صاحب کا تبادلہ عمل میں آ گیا۔ اس وقت ادارے کی سربراہی محترمہ انورادھا اوک (ارچنا کلکرنی) کے پاس ہے، جنہوں نے آج تمام نو منتخب افسران کا پرتپاک خیرمقدم کیا، چائے کی نشست میں ان سے گفتگو کرتے ہوئے کام کی نوعیت، ممکنہ مسائل اور ان کے حل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا ۔خان نوید الحق نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: > "میں ادارۂ بال بھارتی پونہ کی جانب سے برادرم ناصر علی کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ایک اہل، مخلص اور مثبت سوچ رکھنے والے رفیق کار ثابت ہوں گے۔ ہم سب مل کر ان شاء اللہ اردو نصاب کے معیار اور بروقت ترسیل کو یقینی بنائیں گے۔" شیخ ناصر علی کی تقرری پر ریاست بھر کے اردو حلقوں، تعلیمی انجمنوں اور اساتذہ برادری کی جانب سے مسرت و اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کی علمی بصیرت، تدریسی پس منظر، اور اردو زبان سے قلبی وابستگی کو ایک قیمتی اثاثہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ان کی شمولیت سے ادارے کے تعلیمی و لسانی اہداف کو مزید رفتار ملے گی، اور اردو شعبہ اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نئی بلندیوں کی طرف گامزن ہوگا۔