کھام گاؤں ، غازی فاؤنڈیشن کی جانب سے جنرل اسپتال میں کمپوننٹ مشین کی فراہمی کا مطالبہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 27, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) غازی فاؤنڈیشن کھام گاؤں نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے جنرل اسپتال کھام گاؤں کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نلیش ٹاپرے کو ایک یادداشت (میمورنڈم) پیش کی۔ اس یادداشت میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسپتال میں کمپوننٹ مشین مہیا کرائی جائے تاکہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں اور دیگر ضرورت مندوں کو خون اور اس کے اجزاء (Blood Components) کی سہولت شہر کے ہی جنرل اسپتال ہی میں مل سکے۔ معلوم رہے کہ فی الحال جنرل اسپتال میں یہ سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو پرائیویٹ بلڈ بینک یا اکولہ سے بلڈ کمپوننٹ منگوانا پڑتا ہے، جس پر خاصی رقم خرچ ہوتی ہے۔ غازی فاؤنڈیشن کی خواہش ہے کہ جیسے اسپتال میں عام خون کی سہولت غریبوں کو مفت دستیاب ہے، ویسے ہی کمپوننٹ مشین کی سہولت بھی غریب اور نادار مریضوں کے لیے مفت فراہم کی جائے تاکہ وہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ خاص طور پر تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو علاج کے لیے اکولہ یا دیگر دور دراز شہروں کا رخ نہ کرنا پڑھے، جس سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو ذہنی، جسمانی اور مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ غازی فاؤنڈیشن نے اسپتال انتظامیہ سے پُرزور اپیل کی ہے کہ یہ مشین جلد از جلد مہیا کی جائے تاکہ مریض بچوں کی جانیں بچائی جا سکیں اور ان کے اہل خانہ کو بڑی راحت حاصل ہو۔ یادداشت پیش کرنے کے موقع پر فاؤنڈیشن کے صدر جواد افضل خان، سکریٹری صفیان بیگ، خزانچی عمران خان، ظفر خان، محمد رضا، سجاد فیصل اور دیگر کئی اراکین موجود تھے۔ صدر جواد افضل خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسے ایک اہم عوامی مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ ہم اس سلسلے میں مقامی رکن اسمبلی و ریاستی وزیر آکاش فُنڈکر کو بھی یادداشت پیش کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ انتظامیہ جلد ہی اس جانب مؤثر قدم اٹھائے گا۔