یوسف رانا کو صحافت میں بھی امتیاز حاصل مولانا آزاد اردو یونیورسٹی سے شاندار کامیابی
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 16, 2025
0
share
ممبیٔ:- معروف ناظم مشاعرہ، شاعر، ادیب و صحافی و محمد یوسف المعروف یوسف رانا اب باقاعدہ سند یافتہ صحافی کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یوسف رانا نے مولانا آزاد اردو یونیورسٹی حیدرآباد سے شعبۂ صحافت کے امتحان میں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کر شہر عزیز مالیگاؤں کا نام قومی سطح پر روشن کیا ہے حالانکہ موصوف اس وقت ممبئی کو اپنا وطن ثانی بنا لیا ہے لیکن اپنی مٹی سے ان کا رشتہ ہنوز استوار ہے۔ مالیگاؤں کے ایک معزز گھرانے میں پیدا ہوئے یوسف رانا کا سفر روزنامہ ہندوستان سے بہ حیثیت کمپیوٹر آپریٹر سے شروع ہوا۔ شہر میں اردو کمپیوٹر کے اولین جانکار کے طور پر جواں سالی میں ہی مشہور ہوئے۔
نامساعد حالات کا مقابلہ پامردی و مستقبل مزاجی سے کرتے رہے۔ زندگی کے نشیب و فراز سے نبرد آزما یوسف رانا آج ملک و بیرون ملک میں اپنی نظامت و شاعری کے حوالے سے بھی جانے جاتے ہیں۔ شہر کے اولین سند یافتہ صحافیوں میں شامل ہیں جنہوں نے عروس البلاد ممبئی میں اپنی صحافت کا لوہا سیاسی، سماجی، ادبی و دینی حلقوں سے منوانے میں کامیاب رہے۔ مالیگاؤں شہر کے اولین صحافی ہیں جو روزنامہ ہندستان میں کے ذریعے سیاسی رپورٹنگ کا فریضہ کے علاوہ تمام تر ادبی و سماجی سرگرمیوں کے ساتھ آج بھی منترالیہ نیز سرکاری درباری خبروں کو سلیس انداز میں اردو قارئین کے حوالے کرتے رہے ہیں۔ یوسف رانا نے روزنامہ ہندوستان ممبئی سے اپنے صحافتی سفر کا آغاز کیا جبکہ مالیگاؤں شہر سے نشانِ ہند نامی جریدہ اس سے قبل ہی شائع کرنے لگے تھے اور کافی تجربات کے ساتھ وہ ممبئی کو اپنی کرم بھومی بنایا تو یہاں بھی انہیں تمام سیاسی، دینی و سماجی طبقات کی جانب سے پذیرائی ملی۔ آج ممبئی میں یوسف رانا کا نام اتحاد و یکجہتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ گذ شتہ دنوں دور درشن اردو،دھلی پر یوسف رانا اپنی سخنوری میں اردو ناظرین سے زبردست داد و تحسین حاصل کی۔ آج کا کامیاب فن کار یوسف رانا اپنے اندر زندگی کی تلخ حقیقتوں کو جام شیریں سمجھ کر نوشی کیا۔ دیوانہ وار اپنی زندگی کے وضع کردہ نشانے کو پانے کے لئے جہد مسلسل کی عملی تفسیر بنے رہے۔ آج قدرت نے انہیں ایسے باوقار اعزاز سے سرفراز کیا کہ دنیا مبارک، سلامت کہنے پر مجبور ہوگئی۔ ہندی کے حلقوں میں بھی اپنی شاعری کے حوالے سے مقبول عام ہیں۔ برادرانِ وطن کے اعلیٰ اور تعلیم یافتہ طبقوں میں بڑے ہی عزت و احترام کے ساتھ جانے اور پہچانے جاتے ہیں۔ ایسی باکمال شخصیت نے شعبہ صحافت کی باقاعدہ سند حاصل کرنے کی جستجو کی تو یہاں پر بھی کامیابی نے ان کے قدم چومے، مولانا آزاد اردو یونیورسٹی حیدرآباد سے صحافت کی سند امتیازی درجے میں حاصل کی۔ اس موقع پر یوسف رانا کے تمام احباب و رفقاء دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعاگوں ہیں کہ یوسف رانا آسمان اردوکے چمکتے ستارے یوں ہی بنے رہیں اور نہ صرف ممبئی بلکہ فرزندِ مالیگاؤں کی حیثیت سے ہم محنت کشوں کی اس عظیم بستی کا نام بھی روشن کرتے رہیں۔