کھام گاؤں ، جمعیتہ علماء (محمود مدنی)کا انتخابی اجلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر
Author -
personحاجی شاھد انجم
اگست 24, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) جمعیتہ علماء ہند ایک 108 سالہ قدیم دینی و سماجی تنظیم ہے، جس نے آزادیِ ہند کی تحریک سے لے کر مسلمانوں کے تعلیمی، ملی اور سماجی مسائل کے حل تک ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ آج بھی یہ تنظیم اپنی خدمات کے ذریعے ملت کی رہنمائی کر رہی ہے۔ جمعیتہ علماء (محمود مدنی)تعلقہ کھام گاؤں کا انتخابی اجلاس 22 اگست جمعہ کی شام نمازِ مغرب کے بعد کچیان مسجد کھام گاؤں میں منعقد ہوا، جس میں مقامی و اطراف کے علماء، ائمہ اور حفاظ کرام کی بڑی تعداد شریک رہی۔ اجلاس کا آغاز حافظ سعود صاحب کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، بعد ازاں نعتِ رسول (صلی اللہ علیہ وسلم ) مفتی جنید صاحب نے پیش کی۔ اجلاس کی صدارت جمعیتہ علماء ضلع بلڈانہ کے صدر مولانا شریف صاحب نے کی، جب کہ مہمانانِ خصوصی میں جنرل سکریٹری ضلع جمعیتہ علماء مولانا ظل الرحمٰن اشاعتی، صدر جمعیتہ علماء بلڈانہ تحصیل حافظ مدثر صاحب اور سکریٹری ضلع جمعیتہ علماء جناب ظہیر عباس سر شامل تھے۔ افتتاحی خطاب بزرگ عالم دین حضرت مولانا یونس ندوی نے فرمایا۔ انہوں نے جمعیتہ علماء کی 108 سالہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت ہمیشہ ملت کے ہر دینی و سماجی محاذ پر صفِ اوّل میں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "جمعیتہ علماء نے اس ملک میں مسلمانوں کے لیے جو عظیم کارنامے انجام دیے ہیں وہ ناقابلِ فراموش ہیں۔ آج ہمیں ضرورت ہے کہ ہم جماعت سے جڑ کر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔" ۔ اس کے بعد جنرل سکریٹری مولانا ظل الرحمٰن اشاعتی نے جمعیتہ علماء کی تاریخ اور خدمات پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں انتخابی عمل کے ذریعے کھام گاؤں شہر اور تحصیل کی نئی یونٹس تشکیل دی گئیں۔ کھام گاؤں شہر کے صدر مفتی صدیق اشاعتی،جنرل سکریٹری مولانا مشرف صاحب،کھام گاؤں تحصیل کے صدر مولانا نثار صاحب کنجہرہ ، جنرل سکریٹری حافظ عادل صاحب اجلاس کا اختتام صدر صاحب کی دعا پر ہوا، جس کے بعد مہمانانِ کرام کے اعزاز میں مفتی صدیق اشاعتی کی جانب سے ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔