جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)جلگاؤں شہر کے راجکمل ٹاکیز علاقہ میں واقع حضرت پیر غیبن شاہ بابا رحمۃ اللہ علیہ کی ایک صدی سے زیادہ پرانی درگاہ اہلِ دل کا مرکز ہے۔ یہ درگاہ اُس وقت سے موجود ہے جب پورا علاقہ جنگلات سے گھرا ہوا تھا۔ بعد میں یہاں ٹاکیز تعمیر ہوئی، مگر درگاہ کو ویسے ہی برقرار رکھا گیا، جو عقیدت مندانہ جذبات کا مظہر تھا۔
حال ہی میں یہ ٹاکیز شہر کے معروف تاجر و بلڈر یوسف مکرا اور ان کے شرکاء نےخریدی تعمیراتی کام شروع ہوتے ہی کچھ لوگوں میں افواہ پھیل گئی کہ درگاہ کو شہید کر دیا گیا ہے،
جس سے شہر میں اضطراب اور بےچینی کی فضا پیدا ہو گئی۔اسی پس منظر میں اہلِ سنت والجماعت کے نمائندوں نے موقع پر پہنچ کر اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ درگاہ اپنی اصل حالت میں محفوظ و سالم ہے۔
انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ تمام باتیں بے بنیاد اور جھوٹی افواہیں ہیں۔
اس موقع پر یوسف مکرا نے سنی مرکز جامع مسجد ٹرسٹ اور سنی عیدگاہ ٹرسٹ کے صدر سید ایاز علی نیاز علی، مولانا جابر رضا، مولانا عبد الحمید رضوی سمیت کئی علماء و عمائدین سے مشاورت کے بعد سبھی حاضرین سے دل سے وعدہ کیا۔"یہ درگاہ ہماری مشترکہ روحانی میراث ہے، ہم اسے نہ صرف قائم رکھیں گے بلکہ اپنے ذاتی خرچ سے اسے مزید حسین، شاندار اور وسیع بنا کر دیں گے۔
درگاہ کے اطراف سرسبز باغیچہ، درخت، روشنی، پانی اور زائرین کے لیے آسان و کشادہ راستہ بھی فراہم کریں گے۔"اس روح پرور موقع پر چادر پوشی، پھولوں کی نذر، فاتحہ خوانی، صلوٰۃ و سلام اور خصوصی دعا کی گئی، جس کی قیادت مولانا جابر رضا نے کی۔
علمائے کرام اور خاص طور پر سید ایاز علی نیاز علی نے نوجوانوں اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے بچیں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، انتظامیہ سے تعاون کریں، اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی و امن کو برقرار رکھیں۔
اہلِ سنت برادری نے یوسف مکرا اور ان کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اس خلوص و جذبے کو سراہا۔اس موقع پر موجود نمایاں شخصیات میں شامل تھے،سید ایاز علی نیاز علی، مولانا جابر رضا، مولانا عبد الحمید، اقبال وزیر، سید جاوید، فرید سوداگر، احمد ٹھیکیدار، سید عمر، یوسف مکرا، عارف شاہ، شفیع ٹھیکیدار، احمد منصوری، امان بلال، شکور بادشاہ، خالد بابا باغبان، حاجی شیخ سلیم، شیخ نظیر الدین، شیخ محبوب وغیرہ۔