خاندیش اردو کونسل کا فاروق انصاری کے نام اعزازِ محبت و احترام علامہ شبلی نعمانی ایوارڈ یافتہ ایڈیٹر کو بھوساول ریلوے اسٹیشن پر تہنیتی استقبال
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 31, 2025
0
share
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) قلم و قرطاس کے محاذ پر اپنی بےباک تحریروں، سچے جذبوں اور اردو صحافت کے وقار کو بلند رکھنے والی شخصیت فاروق انصاری (ایڈیٹر، روزنامہ اردو ٹائمز ممبئی) کو حال ہی میں فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر اور انجمن اسلام کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں "علامہ شبلی نعمانی ایوارڈ" سے نوازا گیا۔
اسی مناسبت سے خاندیش اردو کونسل جلگاؤں کی جانب سے ان کے اعزاز میں ایک روح پرور لمحہ اُس وقت رقم ہوا جب وہ وطن سے ممبئی روانگی کے دوران ۳۰ اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز جمعرات شب بھوساول ریلوے اسٹیشن پر مختصر قیام کے دوران مقامی اہلِ علم و ادب سے روبرو ہوئے۔ اس موقع پر عقیل خان بیاولی اور سعید پٹیل نے پرتپاک انداز میں فاروق انصاری کو شال اوڑھا کر خلوص و محبت کا اظہار کیا۔ ان کے ساتھ ڈاکٹر شعیب سعید اور عاصم عقیل خان بھی موجود تھے۔ اس مختصر مگر پراثر ملاقات میں فاروق انصاری نے اپنے مخصوص علمی و ادبی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکادمی کی سرگرمیوں، اردو گھر کی تعمیر اور زبان و ادب کی ترویج کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ان کی باتوں سے عشقِ اردو، عزمِ خدمت اور جذبۂ اخلاص کی خوشبو محسوس کی گئی۔ گویا اسٹیشن کا وہ لمحہ محض ملاقات نہیں بلکہ روحِ اردو کے قافلے کا ایک معتبر پڑاؤ بن گیا۔