ماں نے جگر عطیہ کر کے سات سالہ بیٹی کو دی نئی زندگی
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 20, 2025
0
share
واشم ، 18 اکتوبر (یو این آئی) زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا سات سالہ دیوانشی کے لیے اس کی ماں ہی فرشتہ ثابت ہوئی۔ ضلع واشیم کے تعلقہ منگرول پیر کے گاؤں ورود (بو) سے تعلق رکھنے والے رویندر گاوندے کی بیٹی دیوانشی کئی مہینوں سے جگر کی ایک سنگین بیماری میں مبتلا تھی۔ مسلسل علاج کے باوجود افاقہ نہ ہونے پر اسے ناگپور کے اسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی کی جان بچانے کے لیے جگر کی پیوند کاری ہی واحد راستہ ہے۔ اس علاج پر 20 لاکھ روپے کے اخراجات بتائے گئے، جو سبزی بیچ کر گزر بسر کرنے والے اس کنبے کی استطاعت سےباہرتھے۔ اسی دوران دیوانشی کے والد نے اپنے دوستوں کے مشورے پر چیف منسٹر میڈیکل اسسٹنس فنڈ سے رجوع کیا۔ وارڈ کی مدد اور سوشل میڈیا پر اپیل کے بعد بچی کا علاج ممبئی کے واڈیا اسپتال میں شروع کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ میڈیکل اسسٹنس فنڈ وارڈ اور ٹاٹا ٹرسٹ کی جانب سے علاج کے لیے ایک بڑی رقم فراہم کی گئی، جب کہ باقی امداد سماجی تنظیموں اور گاؤں کے لوگوں کی جانب سے ملی۔دیوانشی کی والدہ میناکشی گاوندے نے اپنی بیٹی کے لیے اپنا جگر عطیہ کیا، اور اس کی پیوند کاری کی کامیاب سرجری انجام پائی۔ بچی کی صحت اب بہتر ہے اور اسے اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ والد رویندر گاوندے نے کہا کہ ہماری بچی کی جان وزیر اعلیٰ میڈیکل اسسٹنس فنڈ سیل اور ٹاٹا ٹرسٹ کی مدد سے بچ سکی۔