ملکاپور پانگرہ ،ضلع پریشد اُردو اسکول میں یومِ ترغیبِ مطالعہ کا شاندار اہتمام اعلیٰ حضرت کتب خانے کا افتتاح، طلبہ کو تحفے میں دی گئیں "گلزارِ اردو" کتابیں
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 16, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اُردو اسکول ملکاپور پانگرہ میں بھارت کے سابق صدرِ جمہوریہ اور عظیم سائنس داں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی یومِ ولادت کے موقع پر ’یومِ ترغیبِ مطالعہ‘ نہایت ذوق و شوق سے منایا گیا۔
اس موقع پر اسکول میں مقابلۂ خواندگی کا انعقاد کیا گیا اور نئی لائبریری ’’اعلیٰ حضرت کتب خانہ‘‘ کا افتتاح عمل میں آیا۔ تفصیلات کے مطابق، سندکھیڑ راجہ تعلقے کے ملکاپور پانگرہ قصبے میں قائم ضلع پریشد اُردو اعلیٰ تحتانی اسکول میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کی اخلاقی و فکری تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اسکول میں مختلف مواقع پر ہم نصابی و غیر نصابی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کو فروغ ملے۔ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یومِ ولادت پر منعقدہ ’یومِ ترغیبِ مطالعہ‘ تقریب میں طلبہ کے درمیان مطالعہ سے متعلق دلچسپ مقابلہ ہوا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بطور انعام اُردو زبان سیکھنے میں مددگار کتاب ’’گلزارِ اردو‘‘ تحفتاً پیش کی گئی۔ تقریب کی خاص بات اسکول کی لائبریری ’’اعلیٰ حضرت کتب خانہ‘‘ کا افتتاح تھا، جس کی ربن جماعت ہفتم کی طالبہ عبیرہ زرین خان نے کاٹی، جنہوں نے مقابلۂ خواندگی میں اول مقام حاصل کیا۔ افتتاحی تقریب میں کیندر پرمُکھ، صدر مدرس اور اسکول کے اساتذہ شریک رہے۔ اس موقع پر مقررین نے مطالعہ کی عادت کو علمی و اخلاقی ترقی کی کنجی قرار دیتے ہوئے طلبہ کو روزانہ مطالعہ کا معمول بنانے کی تلقین کی۔ پروگرام کے اختتام پر بچوں نے اپنے تاثرات پیش کیے اور اسکول میں کتاب دوستی کے جذبے کو عام کرنے کا عہد کیا۔