پاتورڈا ، ضلع پریشد اردو اسکول میں مثالی تعمیر و ترقی کا کام اساتذہ کے تعاون سے اسکول کا نیا روپ
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 22, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع پریشد اردو اسکول پاتورڈا میں حال ہی میں دو لاکھ پچیس ہزار روپے کی لاگت سے مختلف تعمیر و ترقی کے کام انجام دیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت صدر مدرس کے دفتر کی مرمت و تزئین کی گئی، اسکول کے میدان میں بھرائی کے لیے مٹی اور مروم ڈالا گیا، نیز تعلیمی سہولتوں میں اضافے کے لیے جدید ڈیجیٹل ٹی وی اور کلر پرنٹر فراہم کیے گئے ہیں۔ یہ تمام اقدامات طلبہ کی تعلیمی ضرورتوں اور بہتر تدریسی ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے تاکہ اسکول میں ایک جدید، خوشگوار اور کارآمد تعلیمی فضا قائم ہو سکے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ تمام ترقیاتی کام اسکول کے تمام اساتذہ نے اپنی باہمی کوششوں اور ذاتی مالی تعاون سے مکمل کیے۔ کسی بھی بیرونی فرد یا نئے اساتذہ سے کوئی رقم وصول نہیں کی گئی۔ اساتذہ نے اپنی خوشی اور رضا مندی سے اخراجات برداشت کیے، جو ان کے خلوص، دیانت داری اور تعلیم سے محبت کا مظہر ہے۔ اس قابلِ تقلید اقدام سے نہ صرف اسکول کی عمارت اور میدان میں نمایاں بہتری آئی بلکہ تعلیمی معیار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اساتذہ کی یکجہتی، لگن اور خدمتِ تعلیم کا یہ جذبہ یقیناً دوسرے اداروں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔