مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے طلبہ کو نیشنل کانفرنس میں بیسٹ ریسرچ پیپر ایوارڈتفویض میکانیکل انجینئرنگ کے طلبہ کے بائیو ڈیزل پروڈکشن پر پیش کردہ تحقیقی مقالہ کو قومی سطح پر پذیرائی
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 27, 2025
0
share
مالیگاؤں (پریس ریلیز) شہر مالیگاؤں کے اولین انجینئرنگ ادارہ مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کالج نے نہ صرف تعلیمی شعبوں میں اپنی شناخت قائم کی ہے بلکہ تحقیقی میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔
یہاں طلبہ کیلئے بہترین نظام تعلیم کے ساتھ مختلف انجینئرنگ و سائنس کے شعبوں میں تحقیقی سرگرمیاں بھی جاری ہیں، جن کے نتیجے میں اساتذہ کے ساتھ طلبہ کے تحقیقی مقالے بھی بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو رہے ہیں اور طلبہ مختلف ریسرچ کانفرنسوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں شہر وارانسی( اترپردیس) کے معروف تعلیمی ادارہ اسکول آف منیجمنٹ سائنس کے زیر اہتمام 22 نومبر 2025 کو نیشنل کانفرنس بعنوان “TECHCON 2025 – NextGen AI” منعقد ہوئی، جس میں مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے میکانیکل انجینئرنگ کے طلبہ نے “بائیو ڈیزل پروڈکشن” کے عنوان پرتحقیقی مقالہ پیش کیا۔ اعلیٰ تحقیقی معیار اور بہترین پریزنٹیشن کے باعث اس تحقیقی مقالہ کو “بیسٹ ریسرچ پیپر ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ ایوارڈ یافتہ میکانیکل انجینئرنگ سال آخر کے طلبہ میں شعیب علی، محمد فواز، ابصار علی، محمد مجاہد اور محمد اسعد شامل تھے، جنہوں نے ڈاکٹر دلاور حسین (ہیڈ، میکانیکل انجینئرنگ) اور ڈاکٹر ساجد نعیم کی رہنمائی میں یہ تحقیقی کام مکمل کیا۔ واضح رہے مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے 25 طلبہ و اسٹاف نے اس کانفرنس میں شرکت کی اور کل 13 مقالے کالج ہذا کی جانب سے پیش کئے گئے۔ جبکہ اس کانفرنس میں مختلف ریاستوں سے 60 سے زائد مقالے پیش کئے گئے تھے۔ اس کامیابی پر جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی (منصورہ) کے چیئرمن جناب ارشد مختار صاحب نے طلبہ اور ان کے اساتذہ کو دلی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسی طرح سیکریٹری جناب راشد مختار صاحب نے ایوارڈ یافتہ طلبہ کا پُرجوش استقبال کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ مزید برآں، ڈاکٹر شاہ عقیل احمد (پرنسپل، ڈگری کالج)، ڈاکٹر یعقوب انصاری (پرنسپل، ڈپلومہ کالج)، ڈاکٹر سلمان بیگ (ڈین اکیڈمکس) اور دیگر فیکلٹی ممبران نے بھی طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس کانفرنس کے کو آرڈینیٹر ڈاکٹر آنند دوبے اور آرگنائزنگ ٹیم کی جانب سے کالج ہذا کے طلبہ کو مبارکباد پیش کی گئی۔