جامعہ پرائمری اردو اسکول اکل کوا میں سائنسی نمائش کا کامیاب انعقاد
Author -
personحاجی شاھد انجم
نومبر 27, 2025
0
share
اکل کوا (فاروقی جاوید اقبال) جامعہ پرائمری اردو اسکول اکل کوا میں بروز بدھ ایک شاندار سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے اپنے کلاس ٹیچروں کی رہنمائی میں 32 سائنسی ماڈلز پیش کیے۔ نمائش میں طلبہ کی تخلیقی صلاحیت، سائنسی فہم اور محنت نمایاں طور پر نظر آئی۔ تقریب کا افتتاح جامعہ اسلامیہ اشاعت العلوم اکل کوا کے مہتمم حضرت مولانا حذیفہ وستانوی صاحب مدظلہ العالی نے اپنے مبارک ہاتھوں سے انجام دیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر اکل کوا اردو کے کیندر پرمکھ محترمہ للیتا بھامرے میڈم اپنے مہمانوں کے ساتھ موجود تھیں۔ افتتاح کے بعد حضرت مولانا نے طلبہ کے تیار کردہ ماڈلز کا معائنہ کیا اور بچوں کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی۔ انہوں نے اساتذہ کی رہنمائی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ میں عملی علوم کا شوق بیدار کرتی ہیں۔ یہ بچے ابھی چھوٹے ہیں لیکن آگے چل کر بڑے کام کریں گے۔اسی طرح کیندر پرمکھ محترمہ للیتا بھامرے میڈم اور آئے ہوئے مہمانوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔ فرداً فرداً سبھی ماڈلز کا معائنہ کیا اور تمام طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ نمائش کی کامیابی پر صدرِ مدرس فاروقی جاوید سر اور تمام اساتذہ کو مبارکباد پیش کی گئی۔ اسکول انتظامیہ کے مطابق اس نمائش کا مقصد طلبہ میں سائنسی سوچ، تحقیق اور عملیت پسندی کو فروغ دینا تھا، جو اپنی پوری کامیابی کے ساتھ پایۂ تکمیل کو پہنچا۔