سائنس کی روشنی میں مستقبل کی تعمیر:سائنس فیئر 2025 میں تحقیق و اختراع کا شاندار مظاہرہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 17, 2025
0
share
رپورٹ: (خان افراء تسکین) مہاراشٹرا سائنس فیئر اکیڈمی (MSFA) کے زیرِ اہتمام اور Minds in Motion Foundation کی سرپرستی میں MSF’s Science Fair 2025 – Project Presentation کا کامیاب انعقاد اورنگ آباد ایجوکیشن ایکسپو 2025 کے چوتھے دن، عام خاص میدان میں عمل میں آیا۔ یہ سائنس فیئر 17 دسمبر 2025، بروز بدھ کو منعقد کیا گیا۔
اس سائنس فیئر کا بنیادی مقصد طلبہ میں سائنسی تجسس، اختراعی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا، اور نوجوان ذہنوں کو ایک ایسا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ اپنی سائنسی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر سکیں۔ یہ سالانہ تقریب مراٹھواڑہ ریجن کے طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو ایک مشترکہ علمی پلیٹ فارم پر لانے میں کامیاب رہی۔ سائنس فیئر میں مراٹھواڑہ ریجن کے 45 اسکولوں نے شرکت کی، جبکہ طلبہ کی جانب سے 60 سائنسی پروجیکٹس پیش کیے گئے۔ ان پروجیکٹس کو Environmental Science، Life Science اور Physical Science کے تین زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
طلبہ نے سائنسی بنیادوں پر تیار کردہ عملی اور تخلیقی پروجیکٹس پیش کیے، جن میں گھریلو سطح پر تیار کردہ Toothpaste پر تحقیق، Smart Dustbin کے ذریعے صفائی کے جدید طریقے، مچھلیوں کی افزائش کے ساتھ Automatic Plant Watering System، Ayurvedic Tri Care Capsule، Herbal Hair Oil اور Calotropis پر مبنی Poly Herbal Ointment شامل تھے، جو جوڑوں کے درد، فنگل انفیکشن، سوجن اور جلد کی خارش کے علاج کے لیے تیار کیا گیا۔ طلبہ نے اپنے پروجیکٹس نہایت اعتماد، وضاحت اور سائنسی دلائل کے ساتھ پیش کیے۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر ڈاکٹر جاوید مکرم صدیقی (سینئر سائنسدان، واخد) اور ڈاکٹر غفورالنسا (اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ بوٹنی، CDOE-MANUU، Treasurer و Organizing Secretary – TSFA) موجود تھیں، جنہوں نے طلبہ کی سائنسی کاوشوں کو بے حد سراہا۔ جبکہ بطور مہمانانِ اعزاز ڈاکٹر قمر شریف (سابق پرنسپل، معین العلوم ہائی اسکول) اور ڈاکٹر رفیع الدین ناصر (ریٹائرڈ پروفیسر و سابق سربراہ شعبۂ بوٹنی، مولانا آزاد کالج) نے شرکت کی۔ سائنس فیئر میں ججز کے فرائض ڈاکٹر اشون کمار بی۔ کشیراساگر، ڈاکٹر روحینہ ہاشمی، ڈاکٹر صبور ڈبلیو۔ خان اور ڈاکٹر عبدالجلیل نے بخوبی انجام دیے۔ ججز نے طلبہ سے سوالات کر کے ان کی تحقیق، سائنسی فہم اور عملی سوچ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ آخر میں اعلان کیا گیا کہ تقسیمِ انعامات کی تقریب 21 دسمبر 2025، بروز اتوار کو ایجوکیشن ایکسپو کے اسٹیج پر منعقد کی جائے گی۔ یہ سائنس فیئر نہ صرف طلبہ کے لیے ایک یادگار تعلیمی تجربہ ثابت ہوا بلکہ سائنسی تعلیم، تحقیق اور اختراع کے فروغ کی جانب ایک مؤثر اور امید افزا قدم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔