روحانیت، عقیدت اور باہمی اتحاد کا پیام , گوراڈ کھیڑا میں سید جلال الدین باباؒ کا صندل جمعرات کو، عرس جمعہ کو
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 18, 2025
0
share
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): ضلع جلگاؤں کی پاچورہ تحصیل کے قدیم و بابرکت مقام گوراڈ کھیڑا میں آرام فرمانے والے عظیم صوفی بزرگ سید جلال الدین بابا رحمۃ اللہ علیہ کا سالانہ عرسِ مبارک 19 دسمبر، بروز جمعہ، نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ عرس سے ایک روز قبل بروز جمعرات ١٨ دسمبر کو صندل کی پُرنور رسم ادا کی جائے گی، جس میں اہلِ عقیدت بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ تین سو برس سے زائد عرصے سے جاری یہ عرسِ شریف محض ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ محبت، رواداری اور ہندو–مسلم سماجی اتحاد کی روشن مثال ہے۔ یہاں دور دراز ریاستی علاقوں سے آنے والے زائرین اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کرتے، منتیں مانگتے اور مرادیں پاتے ہیں۔ مزارِ اقدس کی فضا ذکر و فکر، دعا و درود اور قلبی سکون سے معمور رہتی ہے، جہاں مختلف مذاہب کے ماننے والے یکساں احترام کے ساتھ حاضر ہو کر باباؒ کی بارگاہ میں جھکتے ہیں۔ روایات کے مطابق بروز جمعرات پرچم کشائی کی روح پرور تقریب منعقد ہوگی۔ بروز جمعہ شام سات بجے قوالی کا محفلِ سماع سجائی جائے گی، جس میں بیرونِ شہر سے آئے ہوئے نامور قوال حضرات اپنے فن کے ذریعے دلوں کو گرما دیں گے۔ جبکہ بروز سنیچر کشتی کا روایتی پروگرام رکھا گیا ہے، جس میں مقامی و اطراف کے نامور پہلوان اپنی قوت و ہنر کا مظاہرہ کریں گے۔ عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کی سہولت اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے گوراڈ کھیڑا خرد اور بدرک دونوں دیہات کی گرام پنچایتوں کے ساتھ پاچورہ پولیس محکمہ نے پیشگی طور پر جنگی پیمانے پر انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچاؤ کے لیے پولیس کی جانب سے کڑی نگرانی رکھی جائے گی۔ درگاہ کمیٹی کے ذمہ داران، گاؤں کے سرپنچ، پولیس پاٹل اور انتظامیہ نے عوام الناس سے امن و شانتی برقرار رکھنے اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی ہے۔ عرس میں کثیر تعداد میں شرکت کی دعوت درگاہ کمیٹی کے صدر سید شکیل کے علاوہ اراکین جلیل سید، مشتاق سید، ستار سید، مجید سید، سید ارباز، شیخ اسماعیل، سید صادق، سید مبین، عارف شیخ، علیم شیخ، انیس شیخ، عاشق سید، سید امین، مجاہد سید، سید معین، مصطفیٰ شیخ، ارباز شیخ، عارف شیخ، فیروز سید، رئیس شیخ اور دیگر گاؤں کے ذمہ داران کی جانب سے دی گئی ہے۔ یقین ہے کہ سید جلال الدین باباؒ کا یہ عرسِ مبارک ایک بار پھر روحانیت کی خوشبو، عقیدت کی روشنی اور باہمی محبت کے پیغام کو عام کرے گا۔