مولانا آزاد کیمپس ناندورہ میں تقریب برائے کھیل کا افتتاح بخیر و خوبی انجام پذیر
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 12, 2025
0
share
ناندورہ: (پریس ریلیز) مولانا آزاد کیمپس ناندورہ میں منعقد کی جانے والی کھیل مقابلوں کی افتتاحی تقریب معزز مہمانانِ گرامی کی موجودگی میں پُرجوش ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ طلبہ میں کھیل کا جذبہ بیدار کرنے اور انہیں کھیل کی جانب راغب کرنے کے مقصد سے یہ مقابلے منعقد کیے گئے ہیں۔ اس شاندار تقریب کے افتتاح کے لیے جناب جےوَنت ساتو، پولیس انسپکٹر ناندورہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ محمد توصیف، سیکریٹری مجیدیّہ چیریٹیبل ٹرسٹ ناندورہ اور جناب روی راٹھوڑ(خُفیہ محکمہ) بطور اعزازی مہمان موجود تھے۔
معزز مہمانوں نے فیتہ کاٹ کر کھیل مقابلوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر کھیل کمیٹی کی جانب سے تمام مہمانانِ گرامی کا شایانِ شان استقبال و اعزاز کیا گیا۔
افتتاحی خطاب میں جناب جے ونت ساتو صاحب نے حاضرین کو نہایت مفید اور رہنمائی پر مبنی گفتگو سے نوازا۔ انہوں نے کھیل کی زندگی میں اہمیت، نظم و ضبط اور جسمانی صحت کے لیے کھیل کی ضرورت پر خاص زور دیا۔ ان کی باتوں نے طلباء کے جوش و حوصلے میں مزید اضافہ کر دیا۔ اس موقع پر مولانا آزاد پرائمری، مڈل اور ہائی اسکول، مجیدیّہ ہائی اسکول ناندورہ کے اساتذہ، غیر تدریسی عملہ، بڑی تعداد میں طلبہ اور مقامی شہری موجود تھے۔اس پروگرام کی کامیاب نظامت محسن خان سر نے کی اور تقریب کو کامیاب بنانے میں محمد ماجد سر اور ان کی پوری ٹیم نے انتھک محنت انجام دی۔