ناگپور ، قادریہ ہائی اسکول، حسن باغ میں شاندار تقریبِ تقسیمِ انعامات و جلسۂ استقبالیہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 20, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) قادریہ ہائی اسکول، حسن باغ ناگپور میں ایک باوقار، منظم اور یادگار تقریبِ تقسیمِ انعامات و جلسۂ استقبالیہ نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ اس بامقصد تقریب کی صدارت اسکول مینیجنگ کمیٹی کے معزز صدر ڈاکٹر محمد مشتاق منصوری نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے عزت مآب سدھاکر اڑبالے (ایم ایل سی، مہاراشٹر) موجود تھے۔ تقریب کے دوران تعلیمی، علمی، ادبی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں جناب سدھاکر اڑبالے، ایڈووکیٹ آصف قریشی، جناب تاناجی ونُوے، جناب حیدر علی دوسانی، جناب ظفر احمد خان، جناب سلیم اجانی اور ماسٹر ریاض احمد کو شال، گلدستہ اور مومنٹو پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ اسی موقع پر اسکول میں نمایاں تدریسی خدمات اور مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو خصوصی اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔ جناب کاشف ابراہیم خان کو “پنکچوالٹی ایوارڈ”، جناب عامر سہیل شیخ کو “بیسٹ ٹیچر ایوارڈ” اور جناب محفوظ علی بیگ کو “لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ” مہمانِ خصوصی کے دستِ مبارک سے عطا کیا گیا ۔ تقریب میں شہر و اطراف کے تعلیمی، سماجی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جن میں ڈاکٹر ایم قاضی، نظام انصاری، جناب شکیل (چندرپور)، جناب امول ڈونگرے، شینڈے سر، محترمہ نکہت خان (پرنسپل)، جناب پرشانت دھوڑ، جناب ملند دُپارے، محترمہ ساریکا دُپارے، جناب مجیب وارثی، جناب انوارالحق پٹیل، ابراہیم بھائی چوڑی والے، جناب روشن انصاری، جناب چاند خان پٹھان، چھایا بانتے میڈم، جناب شکیل خان، مارس کالج شعبۂ عربی کے صدر ڈاکٹر عمران، شعبۂ اردو کی صدر ڈاکٹر نصرت مینو، ڈاکٹر گلریز خان، جناب محمد صادق شیخ اور ایاز شیخ شامل تھے۔ مختلف اسکولوں کے صدر مدرسین اور اساتذہ کی موجودگی نے تقریب کی شان میں اضافہ کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب محفوظ علی بیگ نے انجام دیے، جبکہ اسکول کی سالانہ رپورٹ معلمہ محترمہ صبا نکہت نے پیش کی۔ اس موقع پر ہیڈ ماسٹر جناب اشتیاق کامل نے اپنے خطاب میں طلبہ کی تعلیمی ترقی، اخلاقی تربیت اور ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو کامیابی کی کنجی قرار دیا اور انعام یافتہ طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے دوران مختلف کھیلوں اور سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو بھی انعامات سے نوازا گیا، جس سے طلبہ میں خوشی، جوش اور صحت مند مسابقتی جذبہ نمایاں طور پر دیکھنے کو ملا۔ صدرِ تقریب ڈاکٹر محمد مشتاق منصوری، نائب صدر جناب سعید خان، سکریٹری غفار شیخ، خازن حاجی ریاض پٹیل اور دیگر ذمہ داران نے اسکول کی ترقی اور کامیاب تقریب پر صدر مدرس اور تمام اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آخر میں جناب کاشف ابراہیم خان نے اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے تمام مہمانان، اساتذہ، طلبہ، والدین اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ یہ باوقار تقریب خوشگوار ماحول، مثالی نظم و ضبط اور صدرِ مجلس کے دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔