نتیش نے جس ڈاکٹر کا نقاب کھینچا اُس نے فی الحال بہار چھوڑ دیا، ملازمت بھی نہیں کرنا چاہتی
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 18, 2025
0
share
(انقلاب) آیوش محکمہ کے تحت تقرری نامہ سونپتے وقت وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جس مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچا تھا وہ ان کی اس حرکت سے اس قدر دل برداشتہ ہیں کہ انہوں نے فی الحال بہار ہی چھوڑ دیا ہے۔ نصرت پروین بنگال میں اپنے والدین کے پاس منتقل ہوگئی ہیں۔ وہ ملازمت بھی جوائن نہیں کرنا چاہتیں حالانکہ اہل خانہ انہیں سمجھانے کی کوشش کرر ہے ہیں۔ نصرت کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس کے بعد وہ ملازمت جوائن کرنے کی ہمت ہی نہیں جٹا پارہی ہیں۔ ان کےبھائی کے دوست اور مغربی بنگال کے سینئر صحافی شاہنواز اختر جنہوں نے نصرت کے بنگال منتقل ہونے کی خبر دی ہے، نے بتایا کہ ''بیٹی کے ڈاکٹر بننے سے خاندان کے لوگ کافی خوش تھے لیکن اس واقعہ کے بعد نصرت شدید صدمہ سے دوچار ہیں۔ اہل خانہ سمجھا رہے ہیں مگر وہ خود کو سنبھال نہیں پارہی ہیں۔وہ ملازمت بھی جوائن نہیں کرنا چاہتیں۔'' انہوں نے بتایا کہ ۱۵؍ دسمبر کے اس سانحہ کے دوسرے ہی دن نصرت کولکاتا میں اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھیں۔ وہ پڑھائی میں کافی ذہین تھیں اور ڈاکٹر بننا ان کا خواب تھا۔ شاہنواز اختر نے بتایا ہے کہ'' نتیش کمار کی مذکورہ حرکت کے بعد نصرت نے پہلا فون اپنے بھائی کو کیا۔روتے ہوئے انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بیان کیا اور کولکاتا منتقل ہونے کی خواہش ظاہر کی۔'''