"تجلیاتِ حرمین" از : مزکیّٰ تسنیم بنت ڈاکٹر مشاہد رضوی کا اجرا عمل میں آیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 29, 2025
0
share
مالیگاؤں (پریس ریلیز) ڈاکٹر محمد حسین مشاہد رضوی کی صاحبزادی مزکیٰ تسنیم کی تحریر کردہ سفرِ حج و زیارت 2025ء کی روداد "تجلیاتِ حرمین" کو کتابی صورت میں رحمانی پبلیکیشنز نے نہایت سلیقہ مندی اور حسنِ طباعت کے ساتھ شائع کردیا ہے۔ گزشتہ سال ڈاکٹر مشاہد رضوی کو اپنی اہلیہ اور دونوں بیٹیوں کے ہمراہ حج و زیارت کی سعادت حاصل ہوئی تھی، اسی روح پرور سفر کے مشاہدات کو کم عمری کے باوجود مزکیٰ تسنیم نے غیر معمولی ادبی شعور اور تازہ اسلوب کے ساتھ قلم بند کیا ہے۔
کتاب کی تقریبِ اجرا ڈاکٹر مشاہد رضوی کے والد حاجی عبدالرشید برکاتی اور والدہ خدیجہ حجن کے مبارک ہاتھوں ان کے آبائی مکان پر عرسِ خواجہ غریب نواز قدس سرہٗ کی بابرکت تقریب کے موقع پر انجام پائی۔
اس موقع پر مزکیٰ تسنیم کے دونوں چاچا محمد اسماعیل برکاتی، مفتی محمد رضا مرکزی اور دیگر اہلِ خانہ موجود تھے۔ کتاب میں سفرِ حج کے ساتھی، معروف افسانہ نگار و شاعر طاہر انجم صدیقی (مالیگاؤں) کا وقیع اور فکرانگیز تاثر بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے اس امر پر زور دیا ہے کہ "تجلیاتِ حرمین" محض ایک روایتی سفرنامہ نہیں بلکہ متحرک واقعات پر مبنی ایک زندہ روداد ہے، جس کے صفحات پر مزکیٰ تسنیم کے حافظے کی گلکاریاں نمایاں طور پر جھلکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تحریر اپنے منفرد اسلوب، سادگی، صداقت اور تازگی کے سبب خود اپنی شناخت رکھتی ہے اور کسی طور پر اس کے والد کے اسلوب کی نقالی نہیں۔ طاہر انجم صدیقی کے مطابق کم عمری کے باوجود مزکیٰ تسنیم کو اللہ تعالیٰ نے بیت اللہ کے طواف اور روضۂ رسول ﷺ کی حاضری کی جو سعادت عطا فرمائی، اس کے اثرات ان کی تحریر میں روحانی پاکیزگی اور قلبی سچائی کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ انہوں نے اس بات کی بھی تحسین کی کہ کتاب میں جہاں واقعات ایک فلمی تسلسل کے ساتھ قاری کو اپنے ساتھ بہائے لیے جاتے ہیں، وہیں اہم مقامات پر اسلامی اور تاریخی معلومات کا اضافہ کرکے مصنفہ نے کتاب کی علمی قدر میں اضافہ کیا ہے۔ تقریب میں اہلِ خانہ اور موجود معززین نے اس اشاعت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مزکیٰ تسنیم کی ادبی صلاحیت، مشاہدے کی گہرائی اور بیان کی شفافیت کو سراہا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی گرفتِ قلم کو مزید مضبوط فرمائے۔ کتاب "تجلیاتِ حرمین" روحانی سفرناموں میں یقیناً ایک بامعنی اور قابلِ مطالعہ اضافہ قرار دی جائے گی۔