بالاپور ، مدرسہ جامع العلوم میں مستحق طلبہ و طالبات کے لیے سردی سے بچاؤ کا عملی اقدام
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 27, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مدرسہ جامع العلوم بالاپور کی جانب سے موسمِ سرما کی شدت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ایک قابلِ ستائش فلاحی اقدام کے تحت ضرورت مند طلبہ و طالبات میں سویٹر، گرم کپڑے اور بلینکٹ تقسیم کیے گئے۔ اس بامقصد پروگرام کا مقصد زیرِ تعلیم بچوں کو سردی کے موسم میں درپیش مشکلات سے محفوظ رکھنا تھا، تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ تقسیمِ سامان کی یہ تقریب مولانا مفتی محمد اسلم صاحب قاسمی، مہتمم و شیخ الحدیث مدرسہ جامع العلوم بالاپور کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مولانا معین اسلمی صاحب (ممبر گرام پنچایت باڑیگاؤں)، جناب ارشاد بھائی (باڑے گاؤں)، مفتی محمد احمد صاحب قاسمی، مولانا محمد عمر صاحب، سید کبیر سید بسم اللہ صاحب (کھام گاؤں)، حافظ مشرف صاحب، حافظ رشید الاسلام صاحب، حافظ اسحاق صاحب، شیخ مکرم شیخ اسرار سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذمہ دارانِ مدرسہ نے کہا کہ دینی و عصری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ طلبہ کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا بھی تعلیمی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے فلاحی اقدامات طلبہ میں احساسِ تحفظ اور خود اعتمادی پیدا کرتے ہیں۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے گرم ملبوسات اور بلینکٹ سے استفادہ کیا۔ پروگرام کے اختتام پر مدرسہ انتظامیہ نے تعاون کرنے والے تمام احباب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جبکہ دعائیہ کلمات کے ساتھ یہ فلاحی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔