مدرس قرآن وحدیث، داعیانہ فکر کے حامل مولانا ابواللیث کا سانحہ ارتحال
Author -
personحاجی شاھد انجم
دسمبر 27, 2025
0
share
مالیگاؤں ( نمائندہ شامنامہ) آج بروز سنیچر بعد نماز ظہر یہ روح فرسا خبر رنجور کر گئی کہ گولڈن نگر رضا پور و چوک کے ساکن تحریکی فکر و مزاج کے حامل، اسلام پسند طلبہ تنظیم سے وابستہ مولانا ابواللیث یوسفی طویل علالت کے باعث انتقال فرما گئے۔ آج ہی رات میں ساڑھے گیارہ بجے ان کا جنازہ بڑے قبرستان (نیا جنازہ ہال ) لے جایا جائےگا اور یہیں تدفین ہوگی۔ مولانا ابواللیث یوسفی صاحب دینی فکر مزاج کے حامل رہے۔ قرآن وحدیث سے خصوصی تعلق رہا۔ ایام نوجوانی میں اسلام پسند طلبہ و نوجوانوں کی منظم تنظیم سے وابستہ رہے ۔ فکری اعتبار سے تحریک اسلامی کے قریب رہے۔ شہر کی اولین دینی و عصری درس گاہ جامعتہ الہدی میں بحیثیت اتالیق خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں اہلحدیث مسجد گولڈن نگر میں بحیثیت خطیب و امام بھی ذمہ داریاں انجام دیں ۔ کئی جگہوں پر درس قرآن و حدیث کا فریضہ بھی انجام دیا۔ دعوت دین کا سودا ہر وقت سمایارہا اس کے لیے وطن مالوف سے ہجرت بھی کیا مگر بیماری و دوسری وجوہات کے سبب شہر لوٹ آئے۔ دینی خدمات کے ساتھ موصوف اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت کا بھی خوب خیال رکھا۔ آپ کے فرزند پروفیسر انعام الرحمن نے کامرس میں پوسٹ گریجویشن اور نیٹ سیٹ کوالیفائی کرنے کے بعد آج مہاراشٹر کالج ممبئی کے اکنامکس ڈیپارٹمنٹ میں لیکچرار کی حیثیت سے تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اور دوسرے فرزند حفظ الرحمان صحافت کے شعبے میں سرگرم میں ہیں اور ایک طویل عرصے سے راشٹریہ سہارا سے منسلک رہے اور بحیثیت ایڈیٹر خدمات انجام دیں ۔ آپ کی تمام بیٹیاں بھی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں ۔ جہد مسلسل سے اپنی اور بچوں کی زندگیوں کو سنوارنے والے مولانا ابواللیث یوسفی صاحب کا سانحہ ارتحال باعث رنج و غم ہے۔ ان کی رحلت پر ادارہ اظہار تاسف کرتا ہے اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کرتا ہے۔ شریکان غم : امیر مقامی ارکان، کارکنان و متفقین جماعت اسلامی ہند مالیگاؤں، اعظمی محمد یاسین، ڈاکٹر حفظ الرحمان ( شهروز خاور )، امتیاز خلیل، وسیم کتابی (سٹی بک ڈپو )، حزیفہ ہدائی، امام و مصلیان محبوب مسجد ، عمران امین ، ادارہ شامنامہ واقصی آ فسیٹ پرنٹرس۔