کھام گاؤں کانگریس کمیٹی کا اپر پولیس سپرنٹنڈنٹ کو میمورنڈم، خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 24, 2026
0
share
کھام گاؤں(واثق نوید) کھام گاؤں اسمبلی کانگریس کمیٹی کی جانب سے ضلع بلڈھانہ کے تعلقہ لونار کے موضع چکھلا میں پیش آئے مبینہ دلخراش واقعہ کے خلاف سخت احتجاج درج کراتے ہوئے اپر پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں میمورنڈم پیش کیا گیا۔
وفد نے واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدارانہ جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے خاطیوں کو کڑی سے کڑی سزا دینے کی اپیل کی۔
اطلاعات کے مطابق لونار تعلقہ کے گاؤں چکھلا میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمہ سے متعلق پیدا ہونے والے تنازعہ کے دوران ایک خاتون کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے زد و کوب کیا گیا، جب کہ کمسن بچوں کے ساتھ بھی مارپیٹ کی گئی۔ کانگریس کمیٹی نے اس واقعہ کو انتہائی شرمناک اور انسانیت سوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات سماج میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں، لہٰذا پولیس فوری طور پر سخت کارروائی عمل میں لائے۔ علاوہ ازیں، آکولہ مغربی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی ساجد خان پٹھان کو مبینہ طور پر بشنوئی لارنس گینگ کے نام سے جڑے شخص شبھم لونکر کی جانب سے موبائل فون پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ کانگریس کمیٹی نے اس دھمکی کو سنجیدہ معاملہ قرار دیتے ہوئے رکن اسمبلی کو فوری پولیس تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں کھام گاؤں اسمبلی حلقہ کے کانگریس پارٹی کے مختلف شعبہ جات اور محاذوں سے وابستہ عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد نے اپر پولیس سپرنٹنڈنٹ کے دفتر پہنچ کر میمورنڈم پیش کیا۔ وفد نے انتباہ دیا کہ اگر خاطیوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی نہ کی گئی تو آئندہ سخت احتجاج کیا جائے گا۔ کانگریس کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور کسی بھی شہری کے ساتھ ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔