زاریہ شیخ نے پہلی جماعت میں کرلیا قرآنِ پاک کا ناظرہ مکمل کم عمری میں عظیم سعادت، والدین و اساتذہ میں خوشی کی لہر
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 24, 2026
0
share
کھام گاؤں(واثق نوید) مہرہ خورد کے ساکن اور ضلع پریشد اردو اعلیٰ تحتانوی مدرسہ امڑا پور کے معاون مدرس جناب ندیم شارق کی نیک اختر صاحبزادی زاریہ شیخ نے کم عمری میں پہلی جماعت کی تعلیم کے دوران قرآنِ پاک کا ناظرہ مکمل کرکے ایک قابلِ تحسین اور مبارک کارنامہ انجام دیا ہے۔
اس سعادت پر گھر اور مدرسہ دونوں مقامات پر خوشی اور مسرت کی فضا قائم ہوگئی۔ زاریہ شیخ نے یہ عظیم اعزاز اپنے استادِ محترم حافظ انظر کی زیر نگرانی حاصل کیا۔ اساتذہ کی خصوصی رہنمائی، والدین کی توجہ اور دینی ماحول کی بدولت زاریہ نے نہایت کم عمری میں کلامِ الٰہی کی تکمیل کا شرف حاصل کیا، جو یقینا اس کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
قرآنِ مجید کی تکمیل کے موقع پر اساتذۂ کرام نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچپن ہی سے قرآن سے وابستگی نہ صرف بہترین دینی تربیت کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ اخلاقی و روحانی بالیدگی کا سبب بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے زاریہ کے حق میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اس کامیابی کو والدین کی محنت اور اساتذہ کی کاوشوں کا ثمر قرار دیا۔
اس بابرکت موقع پر اہلِ خانہ، رشتہ داروں اور اہلِ علاقہ نے زاریہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ وہ آئندہ بھی دینی و عصری تعلیم کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ زاریہ شیخ کو علمِ دین میں مزید برکت، اخلاص اور استقامت عطا فرمائے، اسے دین و دنیا میں سرخرو کرے اور اسے اپنے والدین و اساتذہ کے لیے صدقۂ جاریہ بنائے۔(آمین)