ممبئی ، مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے ایوارڈز کی انعامی رقوم جاری ضابطۂ اخلاق کے خاتمے کے بعد زیرِ التوا ادائیگیاں مکمل، مستحقین میں خوشی کی لہر
Author -
personحاجی شاھد انجم
فروری 23, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاستی سطح پر اردو زبان و ادب کی سرپرستی کرنے والی مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی نے سال 2021، 2022 اور 2023 کے ایوارڈ یافتگان کو بڑی راحت دیتے ہوئے انعامی رقوم کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
مختلف شعبۂ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ، صحافیوں اور ادبی شخصیات کے بینک اکاؤنٹس میں نقد انعامی رقم جمع کرا دی گئی ہے، جب کہ قبل ازیں انہیں اسناد اور مومینٹو بھی پیش کیے جا چکے تھے۔
یاد رہے کہ ریاست میں حالیہ انتخابات کے سبب نافذ ضابطۂ اخلاق کے باعث انعامی رقوم کی اجرائی میں عارضی رکاوٹ پیش آئی تھی۔ تاہم ضابطہ ختم ہوتے ہی اکیڈمی نے تیز رفتاری سے کارروائی مکمل کرتے ہوئے تمام زیرِ التوا ادائیگیاں انجام دیں، جس پر ایوارڈ یافتگان نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اکیڈمی کے ایگزیکٹو آفیسر شعیب ہاشمی نے تصدیق کی کہ متعلقہ برسوں کے تمام مستحقین کو رقم منتقل کر دی گئی ہے۔ انہوں نے ایوارڈ یافتگان سےدرخواست کی کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس کی جانچ کر کے رقم کی وصولی کی تحریری اطلاع اکیڈمی کو فراہم کریں تاکہ سرکاری ریکارڈ کی تکمیل ہو سکے۔ اس پیش رفت میں چیئرمین سید حسین اختر اور ایگزیکٹو آفیسر کی مسلسل پیروی اور سنجیدہ کوششوں کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اردو ادبی حلقوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی اردو زبان و ادب کی ترویج کے لیے ایسے فیصلے بروقت اور شفاف انداز میں کیے جاتے رہیں گے۔