کھام گاؤں سے تقریباً 50 خوش نصیب عازمینِ حج روانہ الحاج شہرت خان نے استقبال کرکے کیا دعاؤں کی درخواست
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 06, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) شہر کھام گاؤں سے امسال تقریباً 50 خوش نصیب افراد کو بیت اللہ کے طواف اور زیارتِ حرمین شریفین کی عظیم سعادت حاصل ہونے جا رہی ہے،
جس پر شہر میں روحانی خوشی اور عقیدت کی فضا قائم ہے۔ خادمِ حجاج کمیٹی کی رہنمائی اور مسلسل کوششوں کے باعث ہر سال عازمینِ حج کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، جو شہر کے لیے نہایت خوش آئند امر ہے۔ اطلاعات کے مطابق امسال تقریباً 50 افراد حج کمیٹی اور پرائیویٹ ٹور کے ذریعے اس مقدس سفر پر روانہ ہو رہے ۔ اس موقع پر شہر کی معروف سماجی و عوامی شخصیت، رکن بلدیہ حجن نسیم بانو الحاج عبد الکریم کے فرزند الحاج شہرت خان نے اپنے رفقاء کے ہمراہ عازمینِ حج کے گھروں پر پہنچ کر ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے عازمینِ حج سے خصوصی طور پر شہر کھام گاؤں، ملک کی ترقی، امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے دعاؤں کی درخواست کی، اور اس بابرکت سفر کو امتِ مسلمہ کے لیے رحمت و برکت کا ذریعہ قرار دیا۔ قابلِ ذکر ہے کہ شہر کھام گاؤں میں گزشتہ دو دہائیوں سے خادم الحجاج مرحوم الحاج موثق اللہ خان نے عازمینِ حج کی رہنمائی، کاغذی کارروائی اور مناسکِ حج کی تربیت کے لیے ایک منظم مشن شروع کیا تھا، جو آج بھی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ ان کی انہی مخلصانہ خدمات کا نتیجہ ہے کہ شہر سے عازمینِ حج کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہر کے عوامی و سماجی حلقوں نے مرحوم موثق اللہ خان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس عظیم مشن کو آئندہ بھی پوری لگن کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔ اس بابرکت موقع پر شہر میں دعائیہ محافل اور رخصتی کی تقاریب کا سلسلہ جاری ہے، جو مذہبی جذبے اور اجتماعی عقیدت کی خوبصورت عکاسی کر رہا ہے۔