کھام گاؤں میں عازمین کے لیے رہنمائی و فارم بھرنے کا انتظام حج2027 کے لیے درخواستوں کا آغاز
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2027 (1448 ہجری) کے لیے خواہش مند عازمینِ حج سے آن لائن درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ وزارتِ اقلیتی امور، حکومت ہند کے تحت جاری اعلامیہ کے مطابق درخواست فارم 22 جون 2026 سے 20 جولائی 2026 رات 11:59 بجے تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ اور "حج سووِدھا" موبائل ایپ کے ذریعے پُر کیے جا سکتے ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق حج کے لیے قرعہ اندازی (ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن) جولائی کے آخری ہفتے میں کی جائے گی، جبکہ قرعہ اندازی میں عارضی طور پر منتخب ہونے والے ہر عازم کو 10 اگست 2026 تک 1,52,300 روپے بطور پیشگی رقم جمع کرانا ہوگی۔ حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ مدت میں کسی قسم کی توسیع یا رعایت نہیں دی جائے گی۔ درخواست دہندگان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے قبل رہنما اصولوں اور شرائط کا بغور مطالعہ کریں اور مطلوبہ دستاویزات، جن میں کم از کم 31 دسمبر 2027 تک کارآمد مشین ریڈیبل بھارتی پاسپورٹ، سفید پس منظر والی پاسپورٹ سائز تصویر، بینک پاس بک یا منسوخ شدہ چیک اور رہائشی ثبوت شامل ہیں، کی اسکین شدہ نقول اپ لوڈ کریں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مکمل تیاری اور پختہ ارادے کے ساتھ ہی درخواست جمع کرائیں، کیونکہ حج نشست کی منسوخی کی صورت میں مقررہ ضوابط کے تحت جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ دریں اثنا، ہر سال کی طرح امسال بھی کھام گاؤں شہر اور اطراف کے علاقوں کے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے مرحوم خادم الحجاج الحاج موثق اللہ خان کے گھر پر حج فارم بھرنے اور مکمل رہنمائی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بدر ڈیجیٹل سلوشن، ہری فیل مسجد کے قریب، کھام گاؤں میں بھی عازمین کو تکنیکی اور رہنمائی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ مزید معلومات اور فارم بھرنے کے لیے واثق نوید (9422184564)، جنید اکرام خان (7218771372)، شعیب اللہ خان (8087828085) اور عبداللہ خان (8055625167) سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ شہر و اطراف کے تمام خواہش مند عازمینِ حج سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواستیں مکمل کریں تاکہ حج 2027 کے مبارک سفر کے لیے بروقت اندراج یقینی بنایا جا سکے۔