اُردو مطالعہ مہم 3.0 میں نمایاں کارکردگی پر اساتذہ کی عزت افزائی بلڈھانہ ڈایٹ میں ٹرافی اور اسناد کی تقسیم، تعلیمی خدمات کو سراہا گیا
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 24, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ضلع انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ڈایٹ) بلڈھانہ کے زیرِ اہتمام چلائی گئی ’’اُردو مطالعہ مہم 3.0‘‘ کے تحت منعقدہ سمپوزیم اور پی پی ٹی پریزنٹیشن مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے اساتذہ کو ایک پروقار تقریب میں ٹرافی اور توصیفی اسناد پیش کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
واضح رہے کہ 8 اپریل 2026 کو منعقدہ اس مقابلے میں ضلع بلڈھانہ کے مختلف تعلقوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے بھرپور شرکت کی تھی۔ شرکاء نے اپنے اپنے مدارس میں ’’اُردو ریڈنگ پروگرام 3.0‘‘ کے تحت انجام دی گئی تعلیمی، تخلیقی اور مطالعہ فروغ سرگرمیوں کو پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے مؤثر انداز میں پیش کیا تھا۔ مقابلے کو مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو کامیاب قرار دیا گیا۔ 23 جون 2026 کو ڈایٹ بلڈھانہ میں منعقدہ اعزازی تقریب کی صدارت پرنسپل ڈاکٹر جے او بھٹکر نے کی۔ اس موقع پر ڈکرے صاحب، اُردو شعبہ کے سربراہ مرزا امام بیگ، قاضی رئیس الدین، واثق نوید، اقرار حسین آزاد، اظہار الحق سر، صمد سر اور ریاستی اُردو تربیتی تسہیل کاران سمیت متعدد معزز شخصیات موجود تھیں۔ تقریب میں سماجی تعاون گروپ کے تحت افضل حسین سر (ضلع پریشد اُردو اعلیٰ تحتانوی اسکول بدنیرہ بھولجی، تعلقہ ناندورہ) جبکہ اسکول لائبریری گروپ میں مظہر محمود قریشی ،(معاون مدرس ضلع پریشد اردو مڈل اسکول ساکھر کھیرڈا) کو اؤل جاوید خان سلیم خان سر (ضلع پریشد اُردو اعلیٰ تحتانوی اسکول سونہ، تعلقہ چکھلی) کو ضلعی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر ٹرافی اور سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کامیاب اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مطالعہ کے فروغ اور اُردو زبان کی ترویج کے لیے اساتذہ کی یہ کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔ شرکاء نے اعزاز یافتہ اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔