ڈاکٹر علامہ اقبال اردو اسکول ریسوڑکی ہم نصابی سرگرمی ریاستی نصاب میں شامل ’’فوڈ فیسٹیول‘‘ کو برج کورس کی نصابی کتاب میں خصوصی مقام
Author -
personحاجی شاھد انجم
جون 14, 2026
0
share
واشم (محمد شاکر ہمدرد) ڈاکٹر علامہ اقبال اردو پرائمری، ہائی اسکول و جونیئر کالج ریسوڑ نے تعلیمی میدان میں ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے ادارے کے نام ایک نیا اعزاز درج کرایا ہے۔
اسکول میں منعقد کی جانے والی منفرد اور تعلیمی اہمیت کی حامل ہم نصابی سرگرمیوں کو ریاستی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور ان میں سے ’’فوڈ فیسٹیول‘‘ کو اردو میڈیم کی چوتھی جماعت کے برج کورس (ستو ابھیاس کرم) کی نصابی کتاب میں شامل کیا گیا ہے۔
طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں، عملی مہارتوں، خود اعتمادی اور ابتدائی کاروباری شعور کو فروغ دینے کے مقصد سے اسکول کی جانب سے منعقد کیے گئے فوڈ فیسٹیول کی تصویر اور تفصیلات کو نصابی کتاب میں نمایاں طور پر جگہ دی گئی ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف ادارے بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔
لرننگ آؤٹ کم پر مبنی خصوصی سرگرمی برج کورس کی نصابی کتاب میں اس خبر کو لرننگ آؤٹ کم (آموزشی محاصل) 1.2.2 اور 5.3.2 کے تحت خبر خوانی (News Reading) کی ایک عملی سرگرمی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں اب ریاست بھر کے اردو میڈیم اسکولوں کے طلبہ اس سرگرمی کا مطالعہ کریں گے اور اس سے تعلیمی و عملی رہنمائی حاصل کریں گے۔ علاقے کے ادارے کے لیے بڑا اعزاز تعلیمی ماہرین کے مطابق کسی بھی علاقے کے اسکول کی سرگرمی کا ریاستی نصاب کا حصہ بن جانا ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ اس سے ادارے کی تعلیمی جدت، اساتذہ کی محنت اور طلبہ کی صلاحیتوں کا بھرپور اعتراف ہوتا ہے۔ اس کامیابی پر تعلیمی، سماجی اور عوامی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسکول کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔ کامیابی اجتماعی محنت کا نتیجہ: پروفیسر محمد کبیر محسن ادارے کے صدر پروفیسر محمد کبیر محسن نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: "یہ اعزاز ہمارے ادارے کی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔ اساتذہ کی لگن، خلوص اور طلبہ کے پرجوش تعاون نے اس خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا ہے۔ میں اس کامیابی کا پورا سہرا اپنے تمام معزز اساتذہ اور طلبہ کے سر باندھتا ہوں، جنہوں نے ادارے کا نام ریاستی سطح پر روشن کیا۔" مبارکبادوں کا سلسلہ جاری اس اہم کامیابی پر علاقے کے معزز شہریوں، ماہرینِ تعلیم، سماجی کارکنان اور والدین نے ڈاکٹر علامہ اقبال اردو پرائمری، ہائی اسکول و جونیئر کالج کی انتظامیہ، صدر مدرس، اساتذہ اور طلبہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ادارہ مستقبل میں بھی اپنی تعلیمی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے نئی کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا۔