کھام گاؤں ، ملت اسکول میں طلباء میں مفت اسکولی یونیفارم تقسیم
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 15, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) برڈے پلاٹ، کھام گاؤں میں واقع ملت اردو پرائمری اسکول، ہائی اسکول اور جونیئر کالج میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر تمام طلباء میں مفت اسکولی یونیفارم تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر اسکول میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلباء، سرپرستوں، اساتذہ اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت حافظ عبد الکریم صاحب نے فرمائی، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں عبد الحمید صاحب (بابو بھائی)، سابق کونسلر انیس جمعدار، رکن بلدیہ الحاج شہرت خان، محمد نعیم صاحب اور عظیم پٹیل شامل تھے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ طلباء کی حوصلہ افزائی اور ان کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا بھی تعلیمی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ملت اسکول انتظامیہ کی اس کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مفت یونیفارم کی تقسیم سے طلباء اور ان کے والدین کو معاشی سہولت فراہم ہوگی۔
واضح رہے کہ ملت اردو پرائمری، ہائی اسکول و جونیئر کالج میں سال بھر مختلف تعلیمی، تربیتی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر امسال بھی تعلیمی سال کے آغاز پر ادارے کے صدر عبدالمجید صاحب کی جانب سے اسکول کے تمام طلباء کے لیے مفت اسکولی یونیفارم فراہم کیے گئے، جسے والدین اور عوامی حلقوں نے سراہا۔