آواز دی وائس ابوظہبی: نوئی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے (این ایم آئی اے) سے بدھ کے روز بین الاقوامی فضائی خدمات کا آغاز ہو گیا۔ ایئر انڈیا ایکسپریس نے اس ہوائی اڈے سے ابوظہبی کے لیے پہلی بین الاقوامی پرواز چلائی۔ تقریباً 100 مسافروں کو لے کر ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز صبح 2:55 بجے (ہندوستانی وقت) نوئی ممبئی سے روانہ ہوئی اور تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد متحدہ عرب امارات کے ابوظہبی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی۔
نوئی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ مختلف مراحل میں تیار کیا جا رہا ہے اور یہاں سے 25 دسمبر 2025 کو گھریلو فضائی خدمات کا آغاز ہوا تھا۔ ایئر انڈیا ایکسپریس اب اس ہوائی اڈے سے ہفتے میں تین دن ابوظہبی کے لیے پروازیں چلائے گی۔ بوئنگ 737 میکس 8 طیارے کے ذریعے چلائی جانے والی اس افتتاحی پرواز کی روانگی سے قبل کپتان نے اسے ایک تاریخی اور یادگار سفر قرار دیا۔
افتتاحی پرواز میں اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ سفر کرنے والے شاکر عابد نے کہا کہ وہ اس تاریخی سفر پر بے حد پُرجوش ہیں اور یہ سفر ان کے لیے خوبصورت یادیں سمیٹنے کا ایک موقع بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ابوظہبی سے مسقط کے لیے رابطہ پرواز لیں گے، جہاں اس ہفتے اپنی بیٹی صفا عابد کی تیسری سالگرہ منائیں گے۔ افتتاحی پرواز کے ذریعے نوئی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے خراب ہونے والی اشیائے خورونوش کی پہلی عالمی برآمدی کھیپ بھی روانہ کی گئی۔
سات ماہ سے بھی کم عرصے میں نوئی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ ملک کے 46 گھریلو مقامات سے جڑ چکا ہے، 23 لاکھ سے زیادہ مسافروں کو خدمات فراہم کر چکا ہے اور اس وقت روزانہ تقریباً 150 فضائی آمد و رفت (ایئر ٹریفک موومنٹس) سنبھال رہا ہے۔ ایئر انڈیا ایکسپریس کے چیئرمین نپن اگروال نے منگل کو جاری ایک بیان میں کہا کہ نوئی ممبئی، کمپنی کی دوہری ہوائی اڈہ حکمتِ عملی کا ایک اہم ستون ہے، جو ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نیٹ ورک کی تکمیل کرے گا۔ ادانی ایئرپورٹ ہولڈنگز لمیٹڈ (اے اے ایچ ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارون بنسال نے کہا کہ پہلی باقاعدہ بین الاقوامی پرواز کا آغاز نوئی ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سفر میں ایک نئے مرحلے کی شروعات ہے۔