ناندورہ ، حاجی مزمل علی خان متر منڈل کے زیرِ اہتمام S.I.R. کے موضوع پر تربیتی و رہنمائی اجلاس، عوام سے بلا خوف و تردد تعاون کی اپیل
Author -
personحاجی شاھد انجم
جولائی 05, 2026
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) حاجی مزمل علی خان متر منڈل کی جانب سے ناندورہ شہر میں جاری S.I.R. (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) مہم کے سلسلے میں ایک اہم تربیتی و رہنمائی اجلاس کا انعقاد حاجی مزمل علی خان کی رہائش گاہ پر کیا گیا۔
اجلاس میں شہر کے مختلف وارڈوں سے تعلق رکھنے والے مسلم سماجی کارکنان، نوجوانان اور ذمہ دار افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد عوام میں S.I.R. عمل کے تعلق سے بیداری پیدا کرنا، فارم بھرنے کے صحیح طریقۂ کار سے واقف کرانا اور اس عمل کے دوران پیش آنے والی مشکلات کے حل سے آگاہ کرنا تھا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ S.I.R. ایک نہایت اہم انتخابی عمل ہے، جس کے ذریعے ہر اہل ووٹر کی معلومات کی جانچ اور تصدیق کی جاتی ہے، لہٰذا ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عمل میں بھرپور تعاون کرے۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو S.I.R. سے متعلق تمام ضروری نکات کی تفصیل سے رہنمائی فراہم کی گئی۔ فارم کس طرح درست انداز میں بھرا جائے، کن دستاویزات کی ضرورت ہوگی، کن باتوں کا خصوصی خیال رکھا جائے اور فارم جمع کروانے کے بعد اس کی زیراکس کاپی اپنے پاس محفوظ رکھنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء کو ایک نمونہ فارم (فارمیٹ) بھی فراہم کیا گیا تاکہ فارم بھرنے میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ S.I.R. کے عمل سے ہرگز خوفزدہ نہ ہوں، بلکہ اعتماد کے ساتھ اپنی معلومات درست طریقے سے درج کریں۔ اگر BLO (بوتھ لیول آفیسر) گھر پر تشریف لائیں تو ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں، مطلوبہ معلومات اور دستاویزات فراہم کریں اور فارم میں کسی بھی قسم کی غلطی یا کوتاہی سے بچیں۔ مقررین نے کہا کہ آج کی معمولی لاپرواہی مستقبل میں ووٹر لسٹ سے نام خارج ہونے یا دیگر قانونی و انتظامی مشکلات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ہر فرد کو پوری ذمہ داری کے ساتھ یہ عمل مکمل کرنا چاہیے۔ اجلاس میں شریک سماجی کارکنان نے بھی اس بیداری مہم کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام تک صحیح معلومات پہنچائیں گے اور زیادہ سے زیادہ افراد کو فارم درست طریقے سے بھرنے میں تعاون فراہم کریں گے تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔ اس تربیتی اجلاس میں فاروق بھائی وہاب بھائی، ببو دیوان، کلیم منصوری، خلیل ٹھیکیدار، حسین خان، کلیم بھائی، سید شکیل، مظہر خان، پیارے خان، محمد الیاس، فیاض بھائی، راجہ بھائی، معین بھائی، نذیر بھائی، عرفان خان، جاوید خان، منا بھائی، صابر بھائی، رحمان بھائی سمیت متعدد سماجی کارکنان اور معزز شہریوں نے شرکت کی اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے حاجی مزمل علی خان متر منڈل کی اس عوامی بیداری مہم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے رہنمائی پروگرام مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ انتخابی عمل سے متعلق صحیح معلومات حاصل کر سکیں اور اپنے جمہوری حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکیں۔ x