میزائل مین ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو خراجِ عقیدت؛ نسلِ نو کے نام علم، محنت اور بلند حوصلوں کا پیغام صابر نورانی (مدنی دربار)، صدر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس
Author -
personحاجی شاھد انجم
اکتوبر 15, 2026
0
share
بھارت کے سابق صدر، عظیم سائنسدان اور نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یومِ پیدائش کے موقع پر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے صدر حضرت صابر نورانی (مدنی دربار) نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کلام کی زندگی عزم و ہمت، سادگی، خود اعتمادی اور علم سے محبت کی ایسی روشن مثال ہے جس سے ہر نسل رہنمائی حاصل کرسکتی ہے ۔ ایک عام گھرانے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کلام نے اپنی غیرمعمولی محنت، سائنسی صلاحیت اور بلند فکر کے ذریعے دنیا میں بھارت کا نام روشن کیا۔ میزائل ٹیکنالوجی میں ان کی نمایاں خدمات نے انہیں ’’میزائل مین آف انڈیا‘‘ کا اعزاز دلایا، جبکہ بحیثیت صدر ان کی سادگی، عوام سے قربت اور طلبہ سے والہانہ محبت نے انہیں ’’عوام کا صدر‘‘ بنا دیا۔ حضرت صابر نورانی نے نسلِ نو کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر کلام کی زندگی ہمیں سکھاتی ہے کہ کامیابی کا راستہ محنت، علم، کردار اور مستقل مزاجی سے ہوکر گزرتا ہے۔ نوجوان محض بڑے خواب دیکھنے پر اکتفا نہ کریں بلکہ ان خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تعلیم، تحقیق، اخلاق اور خدمتِ انسانیت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک و ملت کا روشن مستقبل ایسی نوجوان نسل سے وابستہ ہے جو نفرت کے بجائے محبت، مایوسی کے بجائے امید اور جہالت کے بجائے علم کو فروغ دے۔ ڈاکٹر کلام کا حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ہم ان کے افکار کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں اور ایک تعلیم یافتہ، پُرامن، ترقی یافتہ اور انسان دوست معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ آج ڈاکٹر کلام جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کے نظریات، خدمات اور نوجوانوں کے لیے ان کی امیدیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔