جلگاوں : گزشتہ کم و بیش تین دہائیوں سے میدان صحافت میں مثبت سوچ کے ہمراہ نشتر زنی کا فریضہ انجام دینے والے نیز اپنے قلم کے ذریعے تعلیمی کاز کو تقویت پہنچانے کے لیے معروف، صحافی مشتاق کریمی کو ایک تقریب میں گزشتہ دنوں جلگاؤں ضلع منیار برادری کی جانب سےان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں ڈاکٹر رفیق پارنیرکر کے ہاتھوں یادگار اور شال دے کر سرفراز کیا گیا
عید میلاد النبی (صلی اللہ علیہ وسلم) کے موقع پر منعقدہ اس تقریب کی صدارت قاضی شہر مفتی عتیق الرحمن نے کی. اس موقع پر ڈاکٹر اکرام خان اور منیار برادری کے صدر فاروق شیخ کے ہمراہ دیگر عمائدین بھی موجود تھے. یاد رہے کہ مشتاق کریمی نے ابتدائی دور میں اردو بلٹز کے لیے کام کیا بعد ازیں کم و بیش دو دہائیوں تک روزنامہ انقلاب سے منسلک رہے. اس کے علاوہ موصوف نے ہفت روزہ عالمی سہارا میں مہاراشٹر کی نمائندگی بھی کی
فی الوقت ان کی رہنمائی میں شروع کیا گیا میٹھا کریلا چینل علمی، ادبی، تعلیمی و سماجی حلقوں میں تیزی سے مقبولیت پا رہا ہے