میلے کے آٹھویں دن اسکولی طلبہ و طالبات کے درمیان سائنس ایگزیبیشن کمپٹیشن، ہزاروں عوام سمیت سرکردہ علمی، ادبی و سماجی شخصیات کی شرکت، لاکھوں کی کتابیں خریدی گئیں
مالیگاؤں: قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام جاری چوبیسویں قومی اردو کتاب میلے کا آٹھواں دن بھی بہت کامیاب رہا اور مالیگاؤں و اطراف اور دور دراز کے شہروں سے آنے والے شائقینِ کتب نے لاکھوں کی خریداری کی ـ آج مالیگاؤں کے اسکولی طلبہ و طالبات کے مابین سائنس ایگزیبیشن کمپٹیشن کا بھی انعقاد عمل میں آیا، جس میں طلبہ و طالبات کے متعدد گروپوں نے حصہ لیا اور انھوں نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین سائنسی ماڈلز پیش کیے جن کا قومی اردو کونسل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جناب کمل سنگھ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر و میلہ انچارج جناب اجمل سعید اور سپرنٹنڈنٹ جناب منیر انجم اور میلہ کمیٹی کے مقامی ذمے داران نے خصوصی طور پر معائنہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی ـ آج کے میلے میں عام شائقین کتب کے علاوہ مختلف علمی، ادبی و سماجی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جن کا قومی اردو کونسل اور اردو کتاب میلہ کمیٹی کے ذمے داران و اراکین نے استقبال کیا اورمیلے میں ان کی شرکت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیاـ
کونسل کے ذمے داران نے مالیگاؤں کے ایس پی، ڈپٹی ایس پی اور پولیس انچارج کا بھی ان کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا اور نشانِ تشکر پیش کیاـ واضح رہے کہ قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام جاری یہ میلہ اب اپنے اختتامی مرحلے میں پہنچ گیا ہے اور آج میلے کا آخری دن ہے ـ اب تک مالیگاؤں اور دیگر مقامات کے لاکھوں افراد اس میلے میں آکر استفادہ کر چکے ہیں اور کم و بیش اکیاسی لاکھ کی کتابیں خریدی جاچکی ہیں، مگر جو لوگ اب بھی میلے میں نہیں آسکے ہیں ان کے لیے یہ آخری دن غنیمت ہےـ وہ اس قومی میلے میں آکر اپنی پسند کی معیاری کتابیں خرید سکتے ہیں اور اپنی لائبریریوں میں گراں قدر کتابوں کا اضافہ کر سکتے ہیں ـ
خصوصا قومی اردو کونسل کے سٹالز پر علم و ادب و تنقید کے علاوہ طب و صحت، سائنس، فلسفہ، جغرافیہ، قانون، تاریخ وغیرہ جیسے موضوعات پر نہایت عمدہ اور بیش قیمت کتابیں بہت مناسب اور رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہیں، مطالعہ و کتب بینی سے دلچسپی رکھنے والے والے حضرات و خواتین کے لیے یہ بہت سنہرا موقع ہے کہ اگر وہ اب تک اس میلے میں نہیں آسکے ہیں تو آج ضرور میلے میں آئیں اور دیگر سیکڑوں اداروں کی مطبوعات سمیت خصوصا قومی اردو کونسل کی نہایت معیاری کتابیں حاصل کریں ـ