لکھنو( اردولیکس) اتر پردیش کے انتخابی نتائج تقریبا سامنے آ گئے ہیں۔ یوپی میں بی جے پی نے اب تک 270 سیٹوں پر برتری حاصل کر لی ہے۔ وہیں ایس پی صرف 128 سیٹوں تک محدود دکھائی دے رہی ہے۔ مجلس کے صدر و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے نتائج پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یوپی کے عوام نے بی جے پی کو اقتدار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ عوام کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ میں مجلس کے ریاستی صدر، کارکنوں، اراکین اور لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمیں ووٹ دیا۔ ہم نے بہت کوشش کی لیکن نتائج ہماری توقعات کے مطابق نہیں آئے۔ ہم دوبارہ محنت کریں گے۔
ای وی ایم مشین کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے بیرسٹر اویسی نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں ای وی ایم کا مسئلہ اٹھا کر اپنی شکست چھپانے کی کوشش کر رہی ہیں، یہ ای وی ایم کا قصور نہیں ہے، بلکہ عوام کے ذہن میں چپ ہے۔ ہم کل سے دوبارہ کام شروع کر دیں گے اور مجھے یقین ہے کہ ہم اگلی بار بہتر کام کریں گے۔