جلگاؤں ( نامہ نگار ) جماعت اسلامی ہند جلگاؤں شعبۂ اردو ادب کی جانب سے ملت اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج جلگاؤں میں ایک شعری نشست کا انعقادکیاگیا،اس نشست کا آغاز محترم رفیق پٹوے نے تلاوت کلام پاک سے کیا،بعد ازاں محترم شکیل قریشی نے اپنی مسحور کن آواز میں نعتِ پاک کا نذرانہ پیش کیا نیز تمام شعراء کرام کو شب وروز ڈائری و گُلوں کا نذرانہ پیش کیا گیا، جس کی صدارت محترم اسلم غازی صاحب ممبئی کی ،اس نشست میں شہر جلگاؤں کے نامور شعراء ادباء اور ارباب علم و دانش اور معزز سماجی، سیاسی و ملّی شخصیات، نے شرکت کی۔
اقرا ایجوکیشن سوسائٹی کے صدر الحاج عبدالکریم سالار صاحب ،انجمن تعلیم المسلمین کے صدر اعجاز عبدالغفار ملک صاحب، جمعیتہ علماء ہند جلگاؤں کے صدر حضرت مولانا مفتی ہارون ندوی صاحب، محترم سہیل امیر صاحب ،مشہور افسانہ نگار معین الدین عثمانی و عبدالوحید امام صاحب، ساجد عبدالرزاق سر، سابق پرنسپل مقیم سر، فاروق سکندر سر، آصف خورشید سر، اور دیگر عمائدین شہرجلوہ افروز تھے
اس مشاعرے میں مندرجہ ذیل شعراء صابر آفاق، اخلاق نظامی،انظر مصطفی آبادی، انیس کیفی ،شکیل قریشی، صابر مصطفٰی آبادی، راغب بیاولی،محترم اسلم غازی نے شرکت کی اور اپنا منتخب کلام سناکر سامعین سے خوب داد و تحسین حاصل کی، اس موقع پر صدر مشاعرہ محترم اسلم غازی صاحب نے اردو شعر وادب کے تیئں والہانہ جذبات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ اردو محبت و بھائی چارگی کی زبان ہے اور گنگاجمنی تہذیب کا آئینہ ہے اس مشاعرے کو کامیابی کی منزلوں سے ہمکنار کرنے میں محترم ڈاکٹر عبداللہ سر کا ایک اہم کردار رہا، اس مشاعرہ کی نظامت کے فرائض کو مشہور ومعارف شاعر صابر مصطفی آبادی نے احسن طریقے سےانجام دیا اور اظہار تشکّر پر اس نشست کا اختتام عمل میں آیا.