نئی دہلی:(اُردو لیکس) مرکزی حکومت نے گھریلو ایل پی جی سلنڈر پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صرف اجولا اسکیم کےاستفادہ کنندگان کے لیے کھانا پکانے کی گیس ایل پی جی پر دو سو روپے سبسیڈی دی جائے گی جبکہ باقی صارفین کو ایل پی جی سلنڈر کے لیے بازار کی قیمت کے مطابق ادائیگی کرنی ہوگی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت نے دو سال پہلے ہی گھریلو ایل پی جی سلنڈر پر دی جانے والی سبسڈی کو ختم کردیا ہے، حالانکہ اب اس کا انکشاف ہوا ہے۔ پٹرولیم سکریٹری پنکج جین نے جمعرات کو کہا کہ ملک میں کورونا کی وبا شروع ہونے کے بعد جون 2020 سے ایل پی جی پر کوئی سبسڈی نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا، اب اجولا اسکیم کے صرف 9 کروڑ استفادہ کنندگان کو فی سلنڈر 200 روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے، جس کا اعلان وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے مئی میں کیا تھا۔سبسڈی اب صرف ان لوگوں کو دی جائے گی جنہوں نے اجولا اسکیم کے تحت گیس سلنڈر لیا ہے۔
ملک کے 30.5 کروڑ گھروں میں ایل پی جی سلنڈر کنکشن ہیں۔ ان میں سے 9 کروڑ کنکشن پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت غریب طبقوں کو دیے گئے ہیں۔ اس وقت دہلی میں 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر 1003 روپے میں دستیاب ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے گیس سلنڈرس پوری قیمت ادا کرکے خریدنے کے بعد صارفین کے بنک کھاتوں میں بہت ہی معمولی رقم جمع کروائی جارہی ہے جو کہ پہلے کے مقابل بہت ہی کم ہے۔