جلگاؤں (شیخ زیان احمد): جلگاؤں مسلم قبرستان اور عیدگاہ ٹرسٹ کے صدر عبدالغفار ملک کاگزشتہ سال انتقال ہوا۔مرحوم نے جلگاؤں اور اطراف میں استطاعت بھر سماجی،تعلیمی وفلاحی کاموں میں خوب گرم جوشی سے شرکت کی ،جہاں ضروری ہوا وہاں رہنمائی بھی کی۔
مرحوم کے کاموں کو یاد کرتے ہوئے ان کی پہلی برسی کے موقع پر جلگاؤں عیدگاہ ٹرسٹ کی جانب سے آبدار خانے (پان پوئی) مفت پینے کا پانی کی بنیاد رکھی گئی۔چونکہ عبدالغفار ملک کو اپنی آل (پوتے اور نواسے وغیرہ) بہت عزیز تھے لہٰذا ان بچوں ہی کے ہاتھوں علامت کے طور پرکدال مار کر آغاز عمل میں آیا۔
اسی کے ساتھ عیدگاہ ٹرسٹ میں 6 منظور شدہ ممبران کی تقرری عمل میں لائی گئی۔ٹرسٹ کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں چیئرمین عبدالوہاب ملک نے ٹرسٹ کی بقیہ مدت کے لیے 6 منظور شدہ اراکین کے نام پیش کیا جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔جن میں عبدالعزیز سالار، قادر کچّی، رئیس پٹیل، مشتاق بادلی والا، شریف بابا پنجاری اور ریحان شیخ نثار شامل ہیں۔
ٹرسٹ کی جانب سے عبدالوہاب ملک نے نومنتخب ممبران کا گل دے کر استقبال کیا اور انھیں مبارکباد دی۔ دونوں پروگراموں کا تعارف ٹرسٹ کے سیکرٹری فاروق شیخ نے پیش کیااور شکریہ کی ادائیگی ملک فیملی کی جانب سے ندیم ملک نے کی۔اس موقع پراعجاز ملک،عبدالرحیم ملک، ندیم ملک، حارث، شارق، ارشد ،احفاض، مناّن ملک، ٹرسٹ کے چیئرمین عبدالوہاب ملک، سیکرٹری فاروق شیخ، نائب صدر مشتاق علی اور ریاض مرزا، خزانچی اشفاق باغبان، جوائنٹ سیکرٹری مقیم شیخ اور انیس شاہ، ڈائریکٹر طاہر شیخ، نذیر ملتانی، صادق سید، مظہر خان، ایوب کھاٹک کے علاوہ پنجاری برادری، میمن برادری اور پٹیل برادری کے علاوہ دیگر معززین بھی موجود تھے۔
تصویر میں کدال مار کر آبدار خانے کی بنیاد رکھتے ہوئے معصوم بچے ساتھ میں ٹرسٹ کے معززین