کھام گاؤں:28/ستمبر (واثق نوید) ، ربیع الاول کی مناسبت سے سارے عالم اسلام میں مختلف سرگرمیوں کے ذریعے سے نبی اخر الزماں حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو عام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔اسی سلسلے کی ایک کڑی الفلاح ملٹی پرپز ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے سیرت کوئز کا انعقادکیا گیا تھا۔
معلوم رہے کہ یہ سیرت کوئز پورے امڑاپور سرکل کی اردو اسکولوں کے طلباء کے لیے تھی جس کے انعامات میں پہلا انعام ۵ ہزار روپے دوسرا انعام ۳ ہزار روپے تیسرا انعام ۲ ہزار روپے تھا ۔اس کوئز میں کل سات اسکول کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں ضلع پریشد اردو اسکول اسولی ،ضلع پریشد اردو اعلی تحتانوی اسکول اندری ،بھاسکر راؤ جی شنگنے اردو ہائی اسکول اندری ،ضلع پریشد اعلی تحتانوی اسکول برائے نسواں امڑاپور ،ضلع پریشد اردو مڈل اسکول امڑاپور ،ضلع پریشد اردو ہائی اسکول امڑاپور،بشیریہ اردو گرلز ہائی اسکول اور سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج امڑاپور وغیرہ سے تقریبا ۱۰۵۸ طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔
اس کوئز کی نوعیت کچھ اس طرح سے تھی کہ 50 سوالات پر مشتمل سوالیہ پرچہ مع جوابیہ پرچے(OMR Sheet) کے بچوں کو 21 ستمبر 2023 کو دے دیا گیا تھایہ سوالیہ اور جوابیہ پرچے بچوں کو اپنے گھروں سے کتابوں اور علماء دین کی مدد سے حل کر کے دو دن بعد یعنی 23 ستمبر کو اپنے اسکولوں میں جمع کرانےتھے۔اور 27 ستمبر کو سر سید احمد خان اردو جونیئر کولج اف ارٹس اینڈ سائنس امڑاپور کے وسیع و عریض میدان میں جلسہ سیرت النبی ﷺ کے موقع پرنتائج اور تقسیم انعامات کا عمل ہونا طے پایا تھا ۔
الفلاح ملٹی پرپز ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ انصرام جاری سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج امڑاپور میں 27 ستمبر 2023 بمطابق 11 ربیع الاول بروز بدھ كو ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں امڑا پور کے معزز علماء اور حفاظ کرام کو جن میں مولانا محمود صاحب قاسمی مولانا ذہین شاہ صاحب حسینی مولانا مظفر صاحب مظاہری قاری احمد اللہ خان صاحب اور حافظ عدنان رضا صاحب وغیرہ اس کے علاوہ درجہ بالا اسکولوں کے صدر مدرسین و اساتذہ کو بھی بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ۔
اس جلسے کی صدارت حضرت مولانا محمود صاحب قاسمی دامت برکاتہم (امام و خطیب جامع مسجد مرکز امڑاپور ) نے فرمائی ۔
سب سے پہلے اس پروگرام کی غرض و غایت بتاتے ہوئے الفلاح ملٹی پرپز ایجوکیشن ویلفیئر سوسائٹی کے صدر جناب شیخ اعظم شیخ قاسم صاحب نے کہاکہ اس کوئز کے انعقاد کا ہمارا مقصد ہے کہ "حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو اجاگر کیا جائے ۔اور جو تعلق اس امت کا علماء اور کتابوں سے ٹوٹ چکا ہے اس کو از سرِ نو بحال کیا جائے" ۔اس موقع پر موصوف نے یہ بھی اعلان کیا ہے اس کوئز کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے آئندہ سال ان شاء اللّه
اس سے بڑے انعامات اور ضلعی سطح پر کوئز کا انعقاد کیا جائے گا ۔انہوں نے طلبا سے بھی کہا کہ وہ سیرت کی کتابوں کا مطالعہ جاری رکھے تاکہ ائندہ سال تک اپ کے پاس سیرت محمدیﷺ پوری طرح سے محفوظ ہو جائے
جلسہ سیرت النبیﷺ کا باقاعدہ آغاز قاری احمد اللّه خان صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعد مولانا ذہین شاہ صاحب حسینی دامت برکاتہم نے اپنی خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی اور انکے بعد حافظ عدنان رضا صاحب دامت برکاتہم صاحب نے بھی نعت رسول ﷺ سنائی ۔
ان دونوں حضرات کی نعت سرائی کے بعد مجلس کا سما نورانی بن چکا تھا ۔ اس کے بعد مقرر خاص * حضرت مولانا محمد مظفر صاحب مظاہری دامت برکاتہم (امام و خطیب مدینہ مسجد ) میں عمومی خطاب فرمایا جس میں موصوف نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت كو قرآن کی روشنی بیان فرمایا ۔پھر باری تھی نتائج کہ اعلانات کی ۔ نتائج کے اعلان سے پہلے دوسرا اور تیسرا مقام طے کرنے کے لیے مجمع کے سامنے صدر صدر محفل کے ہاتھوں قرعہ اندازی کروائی گئی۔
اس سیرت کوئز مقابلے میں
پہلا مقام عصمت پروین عظمت خان(امڑاپور) حاصل کیا جبکہ دوسرا مقام پر زویا پروین سراج خان(امڑاپور) كو ملا اور تیسرا مقام نوشین تبسم شیخ فاروق(امڑاپور)کے حصہ میں آیا ۔
اس کے علاوہ ہر اسکول کے ٹاپر کو ترغیبی انعام کے طور پر ٹرافی اور اسناد تقسیم کی گئی جن میں
سہیل خان فتو خان (ضلع پریشد اسکول اسولی )
صا ئمہ شیخ ساجد (ضلع پریشد اسکول اندری)
محمد عزیر محمد شفیق (بھاسکر راؤ شنگنے اردو ہائی اسکول اندری)
شیخ کاشف شیخ محسن
( ضلع پریشد اردومڈل اسکول امڑاپور )
مہک انجم عبدالرازق (بشیریہ اردو گرلز ہائی سکول امڑاپور )
شاہد خان واحد خان
(ضلع پریشد اردو ہائی اسکول امڑاپور)
شازمینہ پروین محمد شفیق
(سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج امڑاپور) وغیرہ شامل ہیں ۔
تقسیم انعامات کے بعد صدرِ مجلس *حضرت مولانا محمود صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ* نے خطبہ صدارت پیش کیا جس میں انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو عام کرنا موجودہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے ۔انہوں نے مجمع كو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق زندگی گزارنے کا عزم بھی کروایا ۔
اخر میں اس ادارے کے پرنسپل جناب ظفر پٹیل سر نے اظہار تشکر کی رسم ادا کرتے ہوئے ائے ہوئے تمام علماء وحفاظ اکرام اور تمام صدر مدرسین اور دیگر اسکولوں سے تشریف لائے ہوئے ٹیچرز کا شکریہ اداکیا۔
یاد رہے کہ سر سید احمد خان اردو جونیئر کالج ثقافتی پروگرام کے انچارج و سیرت کمیٹی کے صدر شعیب اللّه خان موثق اللّه خان نےجلسه کی نظامت کی اور اُن ہی کی نگرانی میں تمام اساتذہ کے جن میں سید عمران سر عبدالرحمن خان سر ،محمد معین اختر سر ،محمد عابد سر ،رضوان اللہ خان سر تعاون سے اور غیر تدریسی عملے کے جواد دانش سر ،محمد سمیر سر محمد توفیق سر انتھک محنتوں سے یہ سیرت کوئز مقابلہ اور جلسۀ سیرت النبی ﷺ کامیاب رہا ۔امڑاپور کے لوگوں نے اس کوئز اور پروگرام کی کافی پذیرائی کی۔





