فاروٗق سیّد کی شخصیت کے انتخاب کے بارے میں سوال پوچھے جانے پر موصوٗف نے بتایا کہ ہمیں دستیاب معلومات کے مطابق فاروٗق سیّد برسوں سے ممبئی میں بچوں کے لیے ایک میگزین گل بوٹے کے نام سے شائع کرتے رہے ہیں اور اب کووڈ کے بعد سے اسے ڈیجیٹل شکل دے کر چار زبانوں میں پیش کر رہے ہیں. اس کے علاوہ آپ نے ایک ایپلیکیشن پروگرامنگ کے ذریعے ریاست مہاراشٹر ہی نہیں بلکہ ملکی سطح پر اردوٗ زبان میں ایک کارنامہ انجام دیا ہے. ہماری معلومات کے مطابق یہ ایپ دنیا بھر میں واحد ایپ ہے جو کسی اردوٗ والے نے لانچ کیا ہے. اس ایپ gbd.ai کو پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے اور یہ ایپ ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اسکولز ( اردو ، مراٹھی، ہندی اور انگریزی) کے بچوں کے لیے بالکل مفت فراہم کیا جارہاہے.
یہ اعزاز ١٩/دسمبر ٢٠٢٣ء کو "کاکوری ایکشن" میں شہید ہونے والے انقلابیوں کی یاد میں ایک پُر وقار تقریب میں دیے جائیں گے.
سوریہ کانت پانڈے بدھ کے روز سول لائن پر واقع ہوٹل اونتیکا کے آڈیٹوریم میں میڈیا سے گُفتگوٗ کرتے ہوئے معلومات دے رہے تھے. انھوں نے یہ معلومات یومِ اطفال کے موقع پر دی.
ماٹی رتن اعزاز کے تعلق سے معلومات دیتے ہوئے موصوٗف نے بتایا کہ یہ اعزاز پوروانچل کا نوبل انعام جیسا ہی باوقار انعام ہے. یہ ملک کا واحد سرکاری و غیر سرکاری اعزاز ہے جو شہداء کی یاد میں دیا جاتا ہے. یہ اعزاز اب تک ملک کے مشہور و معروٗف ہندی اور اردوٗ کے ادباء، شعراء اور سچے خادموں کو موصوٗل ہو چکا ہے. انھوں نے مزید کہا کہ ماٹی رتن اعزاز حاصل کرنے والے خوش نصیب لوگوں کو بعد میں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم بھوشن جیسے اعزازات بھی ملے ہیں. ان خوش نصیب لوگوں میں بیکل اتساہی،آدم گونڈوی، پروفیسر ملک زادہ منظور، انور جلال پوری، ڈاکٹر وجے بہادر سنگھ، ڈاکٹر دودھ ناتھ سنگھ، ارونیما سنہا، نیہا سنگھ راٹھور کے نام نمایاں ہیں.
انھوں نے مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ١٩/دسمبر ٢٠٢٣ء کو کاکوری ایکشن کے یومِ شہادت پر ایک شاندار تقریب منعقد کرکے دیے جائیں گے. اس پروگرام کی ابتداء ١٩٩٨ء میں گرام سبھا سنیتھو میں ہوئی تھی، یہ پچیسواں سال ہے جسے سلور جبلی کی تقریب کے طور پر منایا جانا طے ہے. انھوں نے کہا کہ ہم نے اس پُر وقار تقریب کے انعقاد کے لیے ڈویژنل جیل میں ایستادہ اشفاق اللہ خان کے مجسمے کے عین نیچے کی جگہ کا مطالبہ کیا ہے، اگر یہ جگہ دستیاب نہ ہوسکی تو پریس کلب میں اسی شان و شوکت کے ساتھ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جو ہماری روایت رہی ہے.
اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے صدر سلام جعفری، ظفر اقبال، وشو پرکاش سنگھ انشو، انکت پانڈے، شیام پانڈے، عبدالرحمن وغیرہ افراد موجود تھے. اردو کے بے لوث سپاہی فاروق سید کے اس باوقار اعزاز کے لیے منتخب ہونے پر اردو دنیا میں انکے چاہنے والوں میں خوشی پائی جارہی ہے ، انکے دوست احباب ، رشتے داروں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔


