مالیگاؤں:(پریس ریلیز)فلسطینی باشندوں کی آبائی زمینوں پر صیہونی درندوں نے آسمانوں سے وہ دہشت ناک آگ برسائی ہے کہ ارض فلسطین کا سارا خطہ کھنڈر ہو کر خاک و خون میں لتھڑ گیا ہے ۔انتہائے ستم یہ ہے کہ آسمانوں سے پرستی ہوئی صیہونی آگ اسپتالوں رفیوجی کیمپوں نقل مکانی کرنیوالے قافلوں اور معصوم بچوں کو بھی فاسفورس بموں اور میزائلوں کا نشانہ بنانے سے گریزاں ہونے کو تیار نہیں ۔وہ سر زمین جسے انبیاؤں کی سرزمین کہلانے کا شرف حاصل ہے اسی سرزمین کو خاک و خون میں نہلا دیا گیا ہے ۔کھنڈر ہوتی پختہ عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہوئی خلقت کے لواحقین کی آہ و بکا سے آسمان دہلا جارہاہے ۔اسے نامساعد حالات میں ملکوں ملکوں صف ماتم بچھی ہوئی ہے ۔ہر کوئی چاہتا ہے کہ صیہونی درندوں کی یلغار یوں تھم جائے کہ انسانیت لب گور ہونے سے بچ جائے ۔
ایسے ہی خوں فشاں حالات میں مالیگاؤں شہر کی ایک اسکول بنام "اینجل ڈے انگلش میڈیم اسکول " کا یوم تاسیس قریب ایا تو انتظامیہ نے موقع کی نزاکت کا احساس کرتے ہوئے اول دن سے طے شدہ تقریبات اور تیاریاں نہ صرف منسوخ کردیں بلکہ شہیدانِ غزہ اور مجروحین کے غم اور زخموں کو مندمل کرنے کیلئے امت مسلمہ سے مشترکہ دعاؤں کی درخواست کی ہے کہ امت مسلمہ ہونے کا حق ادا ہو جائے۔ اس تعلق سے اسکول کے جواں سال چیرمین ایان علی سر نے نمائندہ کو بتایا کہ ہر سال انتہائی آن بان اور شان کے ساتھ اینجل ڈے اسکول کا یومِ تاسیس انتہائی اعلی پیمانے پر منعقد کیا جاتا رہا کہ لیکن امسال فلسطین اسرائیل جنگ میں معصوم فلسطینی بچوں کی شہادت ہمارے ضمیر کو اجازت نہیں دیتی کہ ہم کوئی بھی ثقافتی تقریب کا اہتمام کریں۔انھوں نے مزید کہا کہ حقیقت حال کا تقاضا یہ کہتا ہے "حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا" باوجود اس کے کہ آج کی امت مسلمہ مختلف النوع لہو لعب میں ڈوبی نام و نہاد تقریبات میں غرقاب ہے ۔
کہیں امت مسلمہ کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بجائے کل ہند مشاعروں کا انعقاد کیا جارہاہے تو کہیں اپنی اہمیت و افادیت شہریان کے سامنے رکھنے کے لئے لاکھوں روپے کا بے اصراف کیا جارہاہے تو کہیں بساط سیاست پر نت نئے مہرے سجائے جارہے ہیں ۔بجائے اس کے کہ امت مسلمہ اور اسلامی ممالک اسرائیل اور اس کے حلیف ممالک کے خلاف کوئی ایسا مشترکہ پلیٹ فارم کی تشکیل کرتے کہ صیہونیت کے علمبردار ممالک لرزاں براندام ہو کر رہ جاتے ۔آج ہندوستانی مسلمانوں کے ایسے بے شمار گروہ موجود ہیں جن میں شامل نوجوانوں کا ہجوم پٹھان جوان ڈنکی اور ٹائیگر 3 جیسے خیالی کرداروں سے امید لگائے بیٹھے میراث انبیا کو بھلائے جارہی ہے۔ جبکہ ضرورت ہے کہ اہالیان غزہ کے زخموں کا مداوا کرنے کیلئے ایسی ہر ممکن کوشش کرلی جائے کہ طاغوتی قوتوں کے عزم و ارادے ناکام ہو کر رہ جائیں ۔مبارکباد کی مستحق ہے اینجل ڈے اسکول انتظامیہ جس نے اپنی تیار شدہ تمام تقریبات کو منسوخ کرکے امت مسلمہ سے گزارش کی ہے کہ وہ اللہ ربّ العزت کے حضور دست دعا دراز کرتے ہوئے حق و باطل کے مابین جاری اس جنگ میں تائید غیبی کے طلبگار بن جائیں ۔