علی راج پور، 12 دسمبر (ہ س)۔ ضلع کے کھنڈالا گاوں کے ڈاوری پھالیا میں منگل کی شام کھیلتے ہوئے ایک پانچ سالہ معصوم بچہ بورویل کے کھلے گڑھے میں گر گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور راحت اور بچاؤ کام شروع کیا۔ انتظامی عملہ بچے کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اطلاع ملتے ہی کلکٹر اور ایم ایل اے سینا پٹیل موقع پر پہنچ گئے.
معلومات کے مطابق علی راج پور ضلع ہیڈکوارٹر سے پانچ کلومیٹر دور کھنڈالا گاوں کے ڈاوری پھالیا میں منگل کی شام ایک پانچ سالہ بچہ بورویل کے کھلے گڑھے میں گر گیا۔ اطلاع ملتے ہی کلکٹر ابھے اروند بیڈیکر سمیت انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ گاوں والوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر جمع ہو گئی ہے۔ بچے کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ بورویل کی گہرائی 20 فٹ بتائی جاتی ہے۔ جے سی بی اور فوکلین کی مدد سے بورویل کے متوازی گڑھا کھود کر بچے کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بچے کا نام وجے ولد دنیش ہے۔ وہ اپنے گھر کے قریب دوستوں کے ساتھ کھیل رہا تھا جب حادثہ پیش آیا۔
ریاست میں ایک ہفتے کے اندر بورویل کے کھلے گڑھے میں بچے کے گرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے 5 دسمبر کو راج گڑھ ضلع کے پیپلیا رسوڈا گاوں میں ایک پانچ سالہ بچی کھیت کے بیچ میں کھلے بورویل میں گر گئی تھی۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس نے این ڈی آر ایف کی مدد سے نو گھنٹے کی محنت کے بعد لڑکی کو بچالیا، لیکن اس کی جان نہیں بچائی جاسکی۔ اسپتال میں علاج کے دوران لڑکی کی موت ہوگئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد



