کھام گاؤں (واثق نوید) بلڈھانہ پنچایت سمیتی کے ناظر تعلیم سرفراز احمد دیشمکھ اپنی عمر کی معیاد مکمل ہونے پر 29 فروری کو اپنے فرائض منصبی سے سبکدوش ہوئے ہے ۔ اس ضمن میں موصوف کا مختلف تنظیموں اور شخصیتوں کی جانب سے استقبال جاری ہے جو موصوف کے ذریعے کئے گئے کاموں کا ثبوت ہے ۔
اس ضمن میں بلڈھانہ ضلع کے اردو اساتذہ کی تنظیم مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا ، اور اکھیل بھارتیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے جانب سے ایک استقبالیہ الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ 2 مارچ کو نگر پریشد اردو پرائمری اسکول نمبر 3 کارنجہ چوک بلڈھانہ میں منعقد اس تقریب کی صدارت مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے ریاستی جوائنٹ سیکرٹری واثق نوید نے کی۔
جبکہ مہمانان خصوصی کے طور پر اکھیل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھٹنا کے علاقائی صدر احسان قریشی ، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا کے علاقائی نائب صدر ایوب قریشی ، نگر پریشد باڈی کے ضلع صدر قاضی رئیس الدین ، حبیب قریشی وظیفہ یاب صدر مدرس موجود تھے ۔
اس موقع پر مقررین نے اپنی تقاریر میں سرفراز سر کی تعلیمی ، سماجی اور تنظیمی خدمات کا کھلے دل سے اعتراف کیا ۔ واضح رہے کہ اپنے 34 سالہ سروس میں محترم نے ایمانداری سے درس و تدریس کے فرائض انجام دیتے ہوئے اردو اساتذہ کے مسائل کو بھی بحسن و خوبی انجام دیا ۔
ساتھ ہی عازمین حج کی فارم بھرنے سے لیکر روانگی تک رہنمائی بھی خلوص کے ساتھ کرتے رہے ۔ انکے سابق شاگردوں نے اس موقع پر موصوف کو ایک قیمتی موبائل تحفہ دیکر حق شاگردی ادا کرنے کی کوشش کی ۔ پروگرام کی نظامت عقیل خان نے نہایت عمدگی کے ساتھ ادا کی ، اظہار تشکر کے فرائض حنیف خان قریشی نے ادا کئے ۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں محمد عمران ، سید تنویر ، محمد عرفان ، محمد فاروق ، محمود خان ، رضا احمد خان نے خوب محنت کی ۔ مہرہ خورد کے موصوف کے سابق طلبا جو ابھی ضلع کے مختلف مقامات پر درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں بڑی تعداد میں موجود تھے۔
معلوم رہے کہ 6 مارچ کو بلڈھانہ پنچایت سمیتی کے محکمہ تعلیم کے جب سے بھی تعلقہ سطح پر ایک الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں پورے تعلقے کے اردو ، مراٹھی اساتذہ مدعو ہیں ۔