جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) جلگاؤں اسٹیشن پر اردو زبان میں لکھا ہوا نام اچانک ہٹا دیا گیا جس سے مقامی اردو دوست شہریوں میں غم و غصہ پھیل گیا۔ اس فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عاشقان اردو زبان شہریوں نے ریلوے انتظامیہ ڈی آر ایم دفتر بھوساول میں ملاقات کر نام دوبارہ اردو زبان میں نام لکھے جانے کا مطالبہ کیا ۔
شہر کے کچھ سرکردہ شہریوں اننیاۓ اتیاچار ورودھی سنگھٹنا مہاراشٹر کے پرچم سے سنٹرل ریلوے حکام کو میمورنڈم دیا .
جس میں کہا گیا کہ ابھی تک ریلوے اسٹیشن کا نام چار زبانوں یعنی ہندی، مراٹھی، انگریزی اور اردو میں لکھا ہوا تھا۔ تاہم، حال ہی میں تعمیراتی و درستی کے عمل کے دوران اردو زبان میں لکھے گۓ نام کو ہٹا دیا گیا تھا۔ محضر میں کہا گیا کہ اردو زبان وطن عزیز بھارت کی ایک اہم اور قدیم تاریخی زبان ہے ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ ملک کے کئی ریلوے اسٹیشنوں پر آج بھی اردو زبان میں نام لکھے ہوئے ہیں، لہٰذا یہاں جلگاؤں اسٹیشن سے اسے ہٹانا اردو جاننے والے شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔
اس محضر پر جمیل شیخ، حسین حسن خان، عمر کاکر ، عرفان بھائی، وسیم خان کے دستخط ہیں۔
انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ اگر اردو زبان میں نام دوبارہ نہ لکھا گیا تو دستوری اور جمہوری طریقہ سے بڑا احتجاج کیا جائے گا۔