کھام گاؤں (واثق نوید) بلڈھانہ ضلع کے مشہور و معروف عالمی شہرت یافتہ شہر لونار میں منعقدہ ضلعی سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کوئز مقابلہ مورخہ 22 ستمبر کو بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوا ۔
جس میں انجمن ہائی اسکول و جونیئر کالج کی طالبہ عائشہ صدیقہ شیخ ریاض نے اول مقام حاصل کرکے انجمن کی اول مقام کی روایت کو برقرار رکھا جبکہ لونار شہر کے لئے مخصوص انعام کا حقدار اندرا گاندھی اردو ہائی اسکول لونار کے طالب علم محمد زید محمد رضوان قرار دیئے گئے۔
واقع رہے کہ اول انعام کے حقدار یہ دونوں طلباء کو عمرے کی سعادت نصیب ہوگی۔
گزشتہ سال کی طرح امسال بھی لونار شہر کے مشہور و معیاری تعلیمی ادارے ڈاکٹر ذاکر حسین کالج نے جمعیت علماء ہند لونار کے مشترکہ تعاون سے ضلعی سطح پر سیرت النبی کوئز کا اہتمام کیا تھا ۔ جس میں پہلے مرحلے میں بلڈھانہ ضلع کے مختلف شہروں و دیہاتوں کی ضلع پریشد ، نگر پریشد اور خانگی تعلیمی اداروں کے تقریباً 12 سو سے زاید طلباء نے شرکت کی تھی ۔
پہلے مرحلے میں 56 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے طلباء ہی دوسرے اور فائنل مقابلے کے اہل قرار دیئے گئے ۔ دوسرے مرحلے کے سیرتِ النبی کوئز کا امتحان 22 ستمبر کو لونار سنٹر پبلک اسکول (سی بی ایس سی) میں منعقد ہوا ، جس میں تقریبا 650 طلبا نے شرکت کی ۔
امتحان کے فورآ بعد منتظمین کی جانب سے طلباء ، انکے سرپرستِ اور اساتذہ کے لیے طعام کا انتظام کیا گیا تھا ۔ جلسہ سیرت النبی اور تقسیم انعامات کا اجلاس بعد نماز ظہر ذاکر حسین جونیئر کالج کے وسیع وعریض ہال میں منعقد کیا گیا جس کی صدرات جمعیت علماء ہند (محمود مدنی) کے ریاستی صدر ندیم صدیقی نے فرمائی ۔ جب کہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جمعیتِ علماء ہند کے ودربھ صدر مفتی روشن شاہ قاسمی ، دینی تعلیمی بورڈ کے ریاستی صدر مولانا ابراہم ، ناگپور ہائی کورٹ کے معروف وکیل ایڈوکیٹ عابد حسین ، جمعیت کے بلڈھانہ ضلع صدر مولانا شریف اور جمعیت کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سیرتِ النبی کوئز میں انعامات کے حق دار طلباء پر اہلیان شہر نے انعامات کی بارش کردی ، جو قابل ستائش و قابل تقلید بھی ہے اول انعام کے دو طلباء کو عمرے کے ٹکٹ دیئے گئے، دوسرے نمبر کا انعام اردو ہائی اسکول جلگاؤں جامود کی طالبہ امینہ فردوس سید منیر الدین کو فریج دیا گیا، تیسرے نمبر کی حقدار مولانا آزاد نگر پریشد اردو ہائی اسکول کی طالبہ عائشہ صدیقہ کو واشنگ مشین سے نوازا گیا ، چوتھے انعام کی حقدار نیشنل اُردو ہائی اسکول روہن کھیڑ کی طالبہ عمارہ فردوس محمد یاسین کو آر او واٹر فلٹر دیا گیا ، پانچویں نمبر پر رہے عنایتہ اردو ہائی اسکول ناندورہ کے طالب علم شیخ انس شیخ انیس کو بھی آر او واٹر فلٹر دیا گیا ، چھٹے انعام کے لئے صادیہ فردوس جمیل خان ، مولانا آزاد اردو ہائی اسکول ناندورہ کو سائیکل دی گئی ، ساتویں انعام کے لیے عنایتہ اردو اسکول ناندورہ کے طالب علم شیخ عیان شیخ انیس کو گیزر دیا گیا۔
یہ ہی نہیں علاؤہ ازیں 85 طلباء کو 85 ہزار روپئے کے نقد انعامات دیکر انکی بھی ہمت افزائی کی گئی ۔ اس یادگار و تاریخی کوئز مقابلے کو کامیاب بنانے میں ذاکر حسین جونیئر کالج لونار ، جمعیت علماء ہند لونار ، اور شہر کے مخیر حضرات کا بہت بڑا تعاون حاصل رہا ۔

