پربھنی (سید یوسف) پربھنی شہر کے بسمت روڈ پر واقع ایس۔ ایس موبائل شاپ میں گزشتہ 22 مئی 2025 کے روز شب دو بج کر اکیس منٹ سے تین بج کر دس منٹ کے درمیان 33 لاکھ 98 ہزار 340 روپے مالیت کے موبائل سرقہ کرنے والی مالیگاؤں ضلع ناسک کی ٹولی کو لوکل کرائم برانچ کی ٹیم نے موبائل شاپ میں سرقہ کرنے کے معاملہ میں گرفتار کر لیا ہے ۔
بین الریاستی ٹولی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ متعلقہ افراد سے 81 موبائل فونز اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی نمبر ایم ایچ 04 ایف پی 5846 اور ایسیسریز جس کی جملہ مالیت 21 لاکھ 20 ہزار روپے ہے قبضے میں لے لی گئی ہے۔
مذکورہ سرقہ میں پولیس نے عمیس احمد شاہد اختر، عمر 19 سال ساکن قوت اسلام مسجد کے قریب، مالیگاؤں ضلع ناسک، ثاقب انجم نہال احمد عمر 25 سال ساکن قوت اسلام مسجد کے قریب مالیگاؤں ضلع ناسک، مدثر احمد مدیر احمد عمر 20 سال ساکن پوار واڑی مالیگاؤں ضلع ناسک، اکبر خان حبیب خان عمر 38 سال ساکن پوار واڑی مالیگاؤں ضلع ناسک، قیصر خان حبیب خان پٹھان عمر 23 سال ساکن پوار واڑی مالیگاؤں ضلع ناسک کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے مسروقہ موبائل فون، ساؤنڈ بار اور جرم میں استعمال ہونے والی بولیرو جیپ گاڑی برآمد کر لی گئی۔ ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد انہیں تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
مذکورہ کارروائی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ رویندر سنگھ پردیشی کے احکامات پر پولیس انسپکٹر وویکانند پاٹل، معاون پولیس سب انسپکٹر پاٹل، معاون پولیس سب انسپکٹر راجو متے پوڑ، پولس آفیسر مدھوکر چٹے، سوگریو کیندرے، نیلیش بھجبل، شیخ رفیع الدین، دیپک مدیراج، محمد عمران، رنجیت آگلے، اور گنیش کوٹکر نے انجام دی ہے ۔ ملزمین سے مزید تفتیش کے دوران جلگاؤں، مالیگاؤں، ناندیڑ، ناسک و دیگر مقامات پر سرقہ کے جرائم کا انکشاف کیا ہے۔