قبائلی تڑوی بھیل برادری کی اجتماعی شادیاں سبحان اللہ، الحمدللہ قبول کیا سے مجمع گونج اٹھا
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 26, 2025
0
share
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) جب برادری، ذات اور طبقات کی سرحدیں ختم ہوتی ہیں تو سماج میں ایک نئی روشنی پیدا ہوتی ہے۔ کوہ ست پورہ کے دامن میں واقع پہور قصبہ، تحصیل جامنیر، ضلع جلگاؤں میں جلگاؤں کی ضلع مسلم منیار برادری نے قبائلی تڈوی بھیل برادری کی اجتماعی شادی کی تقریب میں نوبیاہتا جوڑے کو باورچی خانے کے برتنوں کا سیٹ اور گھریلو سامان دیا،اور تقریب کو اپنی محبت،عقیدت تعاون اور اعتماد کے ساتھ ایک منفرد مثال بنایا۔ یہ لمحہ صرف شادی کا نہیں تھا بلکہ دلوں کو جوڑنے اور معاشرے میں ہم آہنگی کے بیج بونے کا بھی تھا۔ اس موقع پر منیار برادری نے آدیباسی برادری کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ فاروق شیخ نے اپنے مختصر بیان میں رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شادی ایسی تقریب ہے جس میں کئ جوڑوں کی ایک ساتھ شادی کی جاتی ہے، یہ تقریب نہ صرف معاشی طور پر فائدہ مند ہے بلکہ اس سے سماجی اتحاد اور برادری کے جذبے کو بھی فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں نوبیاہتا جوڑے اور موجود برادران تڑوی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برادری قبائلی تڑوی بھیل سماج کے ساتھ مل کر ہر اقدام کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام نہ صرف نئے شادی شدہ جوڑوں کے لیے مفید ثابت ہوگا بلکہ اس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں بھی مدد ملے گی اور یہ جوڑے اپنے مذہب وحدانیت اور احکام الہٰی پر قائم رہیں گے اور مذہب تبدیل نہیں کریں گے۔ اس تقریب اجتماعی شادی میں بی جے پی کے جنرل سکریٹری اروند دیشمکھ، پہور قصبہ کے سابق سرپنچ پروین لوڈھا، پہور قصبہ کے سرپنچ ابو تڈوی، مولانا مجاہد تڈوی، ایڈوکیٹ ایس آر پاٹل، راجدھر پندھیرے، اکا پہلوان، فیروز تڈوی، عرفان شیخ ہارون پٹھان اور بیڑ شہر سے آۓ مہمانان علماء اکرام کئی معزز شہریوں کی موجودگی سے کامیاب رہی۔۔