کار میں دم گھٹنے سے چار معصوم بچوں کی موت – کھیلنے کے دوران کار کے دروازے لاک ہوگئے
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 19, 2025
0
share
(اُردو لیکس) آندھراپردیش کے وجیہ نگرم ضلع میں پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں، کھیلنے کے دوران ایک کار میں داخل ہونے والے چار بچے دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ وِجَیہ نگرم ضلع کے دواراپوڑی گاؤں میں پیش آیا، جس سے تین خاندانوں میں کہرام مچ گیا۔ دواراپوڑی سے تعلق رکھنے والی دو بہنیں 8 سالہ جاشرتا اور 7 سالہ چارومتی اور اسی گاؤں کی 6 سالہ منشونی اور ان کے پڑوسی 7 سالہ اُودے آپس میں دوست تھے۔ اتوار کی صبح یہ بچے گاؤں کی گلی میں کھڑی ایک کار کے پاس کھیلنے چلے گئے۔ کار کا ایک دروازہ کھلا ہونے کی وجہ سے وہ اندر داخل ہو گئے، لیکن بعد میں دروازے لاک ہو گئے۔ کسی کو بھی یہ معلوم نہ ہو سکا کہ بچے کار میں موجود ہیں۔ اتفاق سے قریب ہی ایک شادی کی تقریب ہو رہی تھی، جہاں ڈی جے میوزک بج رہا تھا۔ بچوں کی چیخ و پکار یا شیشے پر دستک کسی نے نہیں سنی۔ وہ شام تک اسی بند کار میں پھنسے رہے۔ ابتدا میں والدین نے سمجھا کہ بچے شاید شادی کی تقریب میں ہیں، لیکن جب شام تک واپس نہ آئے تو انہوں نے تلاش شروع کی۔ شام 5 بجے ایک تعمیراتی مزدور خاتون نے کار کے شیشے سے جھانکا تو اندر بے حس و حرکت بچوں کو دیکھ کر گھبرا گئی اور فوری مقامی لوگوں کو اطلاع دی۔ مقامی افراد نے کار کے شیشے توڑ کر بچوں کو باہر نکالا اور چاروں کو بے ہوشی کے عالم میں ہاسپٹل منتقل کیا لیکن ڈاکٹروں نے ان بچوں کو مردہ قرار دیا ۔