ملکاپور ،مولانا فیملی کے پانچوں طلبہ کی شاندار کامیابی، تعلیمی میدان میں مثال قائم ایک ہی خاندان کے پانچ طالب علموں کی دسویں جماعت میں امتیازی کامیابی، شہر میں خوشی کی لہر
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 18, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائیر سیکنڈری ایجوکیشن امراوتی کے تحت 13 مئی 2025 کو دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جس میں ملکاپور کی معروف "مولانا فیملی" کے پانچوں طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ سب سے اعلیٰ کامیابی محمد زیان محمد شکیل قریشی نے حاصل کی، جنہوں نے پی ایم شری و سی ایم شری مولانا ابوالکلام آزاد نگر پریشد اردو ہائی اسکول سے 84.40 فیصد نمبرات کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ وہ ملکہ پور اردو گرلز ہائی اسکول کے مدرس محمد شکیل عبدالعزیز قریشی کے صاحبزادے ہیں۔ اسی خاندان کے محمد عمیر محمد زبیر قریشی نے 83.80 فیصد نمبرات کے ساتھ تیسرا، محمد فیاض محمد اسحاق قریشی نے 79.60 فیصد نمبرات کے ساتھ پانچواں، محمد ارشد محمد سلیم قریشی نے 74.20 فیصد کے ساتھ چھٹا اور محمد شاہد محمد صابر الزماں قریشی نے 66.60 فیصد نمبرات حاصل کرکے کامیابی درج کی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال اسی خاندان کے محمد ذیشان محمد شکیل قریشی نے 93 فیصد نمبرات حاصل کرکے تعلقہ سطح پر اول مقام حاصل کیا تھا، جس کی روشنی میں اس سال بھی خاندان نے تعلیمی میدان میں اپنی برتری قائم رکھی۔ طلبہ نے اپنی کامیابی کا سہرا اسکول کے صدرمدرس، اساتذہ کرام اور والدین کی دعاؤں و رہنمائی کو دیا۔ اس کامیابی پر شہر بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ عزیز و اقارب، دوست احباب اور تعلیمی و سماجی حلقوں نے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر سابق صدر بلدیہ اور آل انڈیا جمعیت القریش کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ عبدالمجید قریشی نے بھی طلبہ کی گلپوشی کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ شہر کے علمی و سماجی حلقوں نے اس کامیابی کو قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے دعاگوئی کی۔