بلدیاتی انتخابات سے قبل این سی پی کی اقلیتوں پر نظریں، کھام گاؤں میں ادریس نائکواڈی کی قیادت میں طاقتور سیاسی صف بندی
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 17, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) آئندہ متوقع بلدیاتی و خود مختار اداروں کے انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے اقلیتی شعبہ نے اپنی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے ضلع بلڈھانہ میں اقلیتی ووٹ بینک کو متحرک کرنے کی سمت اہم قدم اٹھایا ہے۔ اسی سلسلے میں 13 مئی 2025 کو کھام گاؤں میں ایک مؤثر اور منصوبہ بند ضلع سطحی جائزہ میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مہاراشٹر اقلیتی شعبہ کے صدر و رکن اسمبلی ادریس نائکواڈی نے مرکزی قیادت کرتے ہوئے کارکنان کو سیاسی چالوں اور تنظیمی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ میٹنگ کی صدارت ضلع صدر مبین احمد نے کی، جبکہ ریاستی سطح کے ترجمان طاہر بیگ مرزا سمیت کئی اہم ذمہ داران و کارکنان موجود تھے۔ اجلاس کے آغاز میں پہلگام حملے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جس کے بعد پارٹی میں نئے شامل ہونے والے کارکنان کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا ۔ میٹنگ میں نہ صرف ضلع بھر کے تعلقہ و شہر صدور نے شرکت کی بلکہ قومی و ریاستی سطح کے قائدین نے اقلیتی برادری کو درپیش چیلنجز، سیاسی نمائندگی میں کمی، اور مقامی سطح پر اثر پذیری جیسے موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔ اس کے ساتھ ہی آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے ممکنہ اتحاد ، امیدواروں کا انتخاب، وارڈ سطح کی حکمت عملی اور فہرست سازی جیسے نکات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی ۔ ادریس نائکواڈی نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ "اگر ہم نے وقت سے پہلے منصوبہ بندی نہ کی تو اقلیتوں کی آواز ایوانوں میں دب جائے گی۔ این سی پی اقلیتی شعبہ، سماج کے ہر طبقے کو نمائندگی دینے کے لیے پرعزم ہے ۔" قومی سیکریٹری راحیلہ پروین، ضلع نائب صدر شیخ سلیم، شیخ فرید، تعلقہ صدر کھام گاؤں امباداس پاٹل، تعلقہ صدر سنگرام پور شیخ کلیم، اور دیگر کئی قائدین نے موجودہ سیاسی منظرنامے پر اظہار خیال کیا اور اقلیتی مسائل کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔ ایڈوکیٹ محمد عارف نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے میٹنگ کو مربوط اور مؤثر انداز میں مکمل کروایا ۔ این سی پی کی یہ میٹنگ ایک واضح پیغام لے کر اختتام پذیر ہوئی کہ آنے والے دنوں میں اقلیتوں کی سیاسی طاقت کو نظرانداز کرنا کسی بھی پارٹی کے لیے آسان نہ ہوگا۔