اردو میڈیم اسکولوں میں غیر اردو داں اساتذہ کی تقرری پر برہمی، اردو تنظیموں نے دی سخت کارروائی کی مانگ
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 21, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) ریاست مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں اردو میڈیم اسکولوں میں غیر اردو داں اور مراٹھی میڈیم سے تعلیم یافتہ اساتذہ کی تقرری کے خلاف اردو اساتذہ برادری میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔
مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا اور آکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھٹنا بلڈھانہ ضلع یونٹ کے نمایندہ اساتذہ نے اس ناانصافی کے خلاف کلکٹر، CEO، اور EO سمیت دیگر تعلیمی حکام کو ایک تحریری یادداشت پیش کرتے ہوئے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ اساتذہ کے مطابق حالیہ دنوں میں 'پوتر پورٹل' کے ذریعے اردو میڈیم اسکولوں میں ایسے اساتذہ کی تقرری عمل میں آئی ہے جنہیں اردو زبان پر عبور حاصل نہیں۔ یہ عمل نہ صرف تعلیمی معیار کو متاثر کرے گا بلکہ یہ RTE ایکٹ 2009 کی دفعہ 29(2)(f) کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کے مطابق طلبہ کو تعلیم ان کی مادری زبان میں دی جانی چاہیے۔ یادداشت میں واضح کیا گیا ہے کہ عدالتوں کے متعدد فیصلے بھی اس بات کی تائید کرتے ہیں کہ اردو میڈیم اسکولوں میں اردو داں اور اردو میڈیم سے تعلیم یافتہ اساتذہ کی تقرری ہی مناسب ہے۔ مزید یہ کہ مراٹھی میڈیم اسکول میں اردو داں استاد کی تقرری اگر غیر فطری سمجھی جاتی ہے، تو یہی اصول اردو اسکولوں پر بھی لاگو ہونا چاہیے۔ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ1. ایسے تمام غیر اردو داں اساتذہ کی تقرریاں منسوخ کی جائیں۔ 2 آئندہ اردو میڈیم اسکولوں میں تقرری کے لیے امیدوار کا تعلیمی میڈیم اردو ہونا لازم قرار دیا جائے۔۔3 اردو زبان میں تدریسی مہارت کو تقرری کے لازمی معیار میں شامل کیا جائے۔ میمورنڈم میں تنبیہ دی گئی ہے کہ اگر حکومت نے اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل نہ کیا تو اردو اساتذہ جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج، بھوک ہڑتال اور تعلیمی بند جیسی مہم شروع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ میمورنڈم پر احسان احمد شیخ چاند، سید تنویر اعجاز اللہ، عقیل خان وکیل خان اور حنیف خان ایوب خان سمیت دیگر اردو حامی اساتذہ کے دستخط موجود ہیں