ڈی ایڈ و TAIT امتحانات کی تاریخوں میں تصادم، مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا نے ریاستی امتحان پریشد و محکمہ تعلیم کو سونپا مراسلہ
Author -
personحاجی شاھد انجم
مئی 27, 2025
0
share
کھام گاؤں (واثق نوید) مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا نے ڈی ایڈ سال دوم کے امتحانات اور ٹی اے آئی ٹی (TAIT) 2025 کے شیڈیول میں ٹکراؤ کے خلاف مؤثر قدم اٹھاتے ہوئے مہاراشٹر اسٹیٹ اگزامینیشن کونسل، پونے کو باقاعدہ مراسلہ روانہ کیا ہے، نیز اسی نوعیت کا ایک مراسلہ ریاستی محکمہ تعلیم کے چیف سیکرٹری کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔
تنظیم نے اپنے مراسلے میں صدر پریشد محترمہ انورادھا اوک کو آگاہ کیا ہے کہ 3 جون تا 12 جون کے درمیان ڈی ایڈ تھیوری امتحانات منعقد ہوں گے، جبکہ اسی مدت میں مختلف دنوں پر TAIT امتحان بھی رکھا گیا ہے، جس سے طلبہ کے لیے دونوں امتحانات میں شرکت ممکن نہیں رہے گی۔ تنظیم کے بانی و ریاستی صدر ایم اے غفار نے کہا کہ TAIT کی موجودہ تاریخیں (27 مئی تا 6 جون) اور 6 جون کے بعد شروع ہونے والے ڈی ایڈ کے عملی امتحانات طلبہ کی تیاری و شرکت پر برا اثر ڈالیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ TAIT امتحان کی تاریخوں کو مؤخر کیا جانا ناگزیر ہے تاکہ طلبہ بغیر دباؤ کے دونوں امتحانات دے سکیں۔ مہاراشٹر راجیہ اردو شکشک سنگھٹنا نہ صرف اردو اساتذہ بلکہ طلباء اور اردو میڈیم اسکولوں کے مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت سرگرم رہتی ہے۔ اس مسئلے پر بھی تنظیم نے خصوصی توجہ دیتے ہوئے بروقت اقدامات کیے ہیں، اور امید ظاہر کی ہے کہ حکومت جلد ہی طلبہ کے مفاد میں مثبت فیصلہ لے گی۔